0
Friday 10 Jul 2020 21:27

قرآن و سنت کے نظام کیلئے امت کا اتحاد ناگزیر ہے، جماعت اسلامی

قرآن و سنت کے نظام کیلئے امت کا اتحاد ناگزیر ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کے نظام کیلئے امت کا اتحاد ناگزیر ہے، آج ایک امت کے تصور کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، ملک و قوم جس بحران سے دوچار ہیں، سازشوں کو ناکام اور اتحاد و یکجہتی کے ذریعے بنیادوں کو مضبوط، ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے نومنتخب منتظم صوبہ محمد افضل اور امین صوبہ فرید احمد ہاشمی کی زیر قیادت ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب امیر صوبہ عبدالغفار عمر، قیم کاشف سعید شیخ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ منتظم صوبہ نے صوبائی قیادت کو جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کی تنظیم سازی، سالانہ منصوبہ عمل سمیت رفتارکار سے آگاہ کیا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ دین کی تعلیم حاصل کرکے دین کو ہی مقصد زندگی بنانے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوں گے، دینی مدراس دین کا سرچشمہ اور انسانوں کی اصلاح کے مراکز ہیں، پاکستان کا قیام بھی انہی مقاصد کیلئے ہوا کہ یہاں قرآن و سنت کا نظام ہوگا، مگر غیروں کے غلام حکمرانوں نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو فراموش کر دیا، یہاں مندر، گردوارہ قوم کے پیسوں اور حکومتی سرپرستی میں بن سکتا ہے، مگر مسجد و مدرسہ بنانے پر پابندی ہے، اگر یہی کچھ ہونا تھا، تو پھر لاکھوں شہداء کی قربانیاں و آزادی کا مقصد کیا تھا۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ جمعیت عربیہ دینی مدارس کے طلبہ کی تعمیری صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے کردار ادا کرے، جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس کی اہم و ملک گیر تنظیم اور امیت کی امیدوں کا مرکز ہے۔
خبر کا کوڈ : 873638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش