0
Tuesday 14 Jul 2020 09:13

خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا، چودھری محمد سرور

خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا، چودھری محمد سرور
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور کشمیری پوچھ رہے ہیں کہاں ہے اقوام متحدہ؟ کہاں ہے او آئی سی؟ کہاں ہیں انسانی حقوق کی تنظیمیں؟ ان کو کشمیر میں ہونیوالی بدترین بھارتی ریاستی دہشتگردی کیوں نظر نہیں آتی؟ عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا میں انکا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ گورنر ہاؤس لاہور میں مختلف اضلاع سے آنیوالے وفود سے گفتگو اور اپنی ٹویٹ کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ڈوگرہ راج نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت و استصواب رائے کے حق کو کچلنے کیلئے 13 جولائی 1931 کو 22 کشمیریوں کو شہید کر دیا اور آج نریندر مودی ڈوگرہ راج کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ راج تحریک آزادی کشمیر کو کچل سکا اور نہ ہی کبھی ہٹلر نریندر مودی اپنے عزائم میں کامیاب ہوگا بلکہ ہر گزرتے دن کیساتھ ساتھ تحر یک آزادی کشمیر مضبوط ہو رہی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کشمیر میں بھارت اپنی 9 لاکھ سے زائد فوج استعمال کرکے بے گناہ اور معصوم کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے مگر اس کے باوجود انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور اقوام متحدہ ابھی تک خاموش ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جو بھی بھارت کے ان مظالم کیخلاف خاموش رہے گا تاریخ اس کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ کشمیر میں 344 دن سے جاری بدترین لاک ڈاؤن سے ظلم کی انتہا ہو چکی ہے۔

گورنر نے کہا کہ خطے میں اَمن کیلئے لازم ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر حل کیا جائے۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا میں ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم اور نریندر مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ مودی اپنے تمام تر حربوں کے باوجود کشمیر میں ہونیوالے ظلم و ستم کو چھپا نہیں پا رہا اور نہ ہی آزادی کی لہر کو دبا پا رہا ہے۔ کشمیری آج بھی اپنی آزادی کیلئے بھر پور جنگ لڑ رہے ہیں، ان شاء اللہ کشمیریوں کو ضرور آزادی ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 874270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش