0
Sunday 19 Jul 2020 11:00

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے کی کوشش خطرناک ہوگی، سراج الحق

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے کی کوشش خطرناک ہوگی، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے گلگت بلتستان کا آئینی صوبہ بنانے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی اور آزاد کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے کی کوشش خطرناک ہوگی۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نومنتخب امیر ڈاکٹر خالد محمود خان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی اکثریتی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرکے اسلام آباد کے خلاف حکمت عملی بنا رہا ہے، پاک فوج سے عوام اس لیے محبت کرتے ہیں کہ وہ کشمیر کی آزادی اور ملک کی سرحدوں کی محافظ ہیں۔

سراج الحق نے خبردار کیا ہے کہ نئی ترامیم کے ذریعے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا سٹیٹس تبدیل کرنے کی کوشش خطرناک ہوگی، ہم ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ایسی سازشیں ناکام بنا دیں گے، اس طرح کے اقدام ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہو گا، بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دفعہ 370 اور 35A ختم کر کے جو کام کیا اس طرح کا اقدام یہاں نہیں ہونا چاہیے۔ سراج الحق نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے بھارت کو بھی موقع ملے گا کہ کشمیر کو اپنا صوبہ قراردے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، کشمیر اس کے پیٹ میں ہے، اس کو ہضم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم بھارت ان دنوں شدید اندرونی انتشار کا شکار ہے، بین الاقوامی سطح پر بھارت کٹہرے میں کھڑا ہے، اس موقع سے فائد ہ اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار نہ کیا جائے، حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی ایکشن پلان دیا جائے، جنگی جرائم کی عالمی عدالت بھارت کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آخر کب تک ہم کشمیر میں ظلم و جبر، نہتے شہریوں کے قتل عام پر دو چار الفاظ میں مذمت، قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے یو این او میں تقریر کی، اس کے علاوہ کوئی خاص اقدام نہیں ہوا، پاکستان کو آگے بڑھ کر کشمیریوں کو بچانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ ہوا تو بھارت پاکستان کا پانی بھی بند کر سکتا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے حکومت پاکستان سے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے روڈ میپ دیا جائے۔ انہوں نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام سے کہا کہ وہ آنے والے انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ کشمیر کی آزادی اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 875330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش