0
Wednesday 22 Jul 2020 10:50

تحریک انصاف سیاسی انجینئرنگ کیلئے انتخابات میں تاخیر کروا رہی ہے، امجد حسین ایڈووکیٹ

تحریک انصاف سیاسی انجینئرنگ کیلئے انتخابات میں تاخیر کروا رہی ہے، امجد حسین ایڈووکیٹ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنی بدترین کارکردگی کو مدِنظر رکھ کر انتخابات میں تاخیر کروا رہی ہے۔ الیکشن کمشنر کچھوے کی چال چل رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کی حکمت عملی سے لگتا ہے انتخابات اکتوبر میں بھی ممکن نہیں ہیں اور اگر دیگر سیاسی جماعتیں خاموش رہیں تو خدشہ ہے کہ یہ التواء اگلے سال مئی جون تک چلا جائے گا۔ تحریک انصاف دراصل سیاسی انجینئرنگ کے لئے وقت لے رہی ہے کیونکہ بروقت انتخابات ہوئے تو تبدیلی سرکار کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ حکمران جماعت کی خوشنودی کے لئے جمہوری عمل میں تاخیر ناقابلِ برداشت اور تباہ کن ہے۔ پیپلز پارٹی انتخابات میں مزید تاخیر برداشت نہیں کرے گی۔ چیف الیکشن کمشنر کو چاہئے کہ انتخابی تیاریوں میں تیزی لاکر بروقت انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلے جہانگیر ترین لمیٹڈ کمپنی تھی اب مافیا بن چکی ہے۔ نیازی سرکار نے جس طرح گلگت بلتستان کو یکسر نظر انداز کیا ہے یہاں کے عوام انتخابات میں اسکا جواب دینگے۔ عمران نیازی گلگت بلتستان کو کچھ دینے کے بجائے گندم کے کوٹے میں کمی اور دیگر اہم ترین منصوبے واپس لے رہے ہیں۔ تبدیلی کے سونامی نے ملکی معیشت کو تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے۔ دو سال میں عوام کو مہنگائی کے گرداب میں پھنسا کر مافیاز کو راتوں رات مالامال کیا گیا۔ ملک کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی بار اتنی نااہل حکومت مسلط کی گئی ہے جس کو عوام سے ذرہ برابر بھی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام تبدیلی کے نام سے ہی نفرت کرنے لگے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 875864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش