0
Saturday 1 Aug 2020 21:00

حکومت 25 روپے لیٹر پیٹرول مہنگا کرکے معاشی دہشتگردی کر رہی ہے، شہباز شریف

حکومت 25 روپے لیٹر پیٹرول مہنگا کرکے معاشی دہشتگردی کر رہی ہے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پیٹرول، چینی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر عوام پر ایک اور پٹرول بم پھینک دیا گیا ہے۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت 25 روپے لیٹر پیٹرول مہنگا کرکے پہلے ہی معاشی دہشت گردی کرچکی ہے، نااہل، نالائق اور کرپٹ حکومت نے عید سے قبل ایک اور پیٹرول بم گرا کر عوام کی رہی سہی خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معیشت کی تباہی سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں 52 روپے فروخت ہونے والی چینی 100 روپے کلو مل رہی ہے، یہ ہے تبدیلی؟ یہ ہے نیا پاکستان۔؟

نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ عید پر چینی اور پیٹرول مہنگا کرکے عمران نیازی حکومت نے عوام دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے، بے حس حکومت کو عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مہنگائی کا بم پھوڑنے کے لیے کیا حکمرانوں کو عید کا دن ہی ملا تھا، کورونا سے عید کی خوشیاں پہلے ہی محدود تھیں، رہی سہی کسر حکومت نے نکال دی۔ قمر زمان کائرہ نے ایک بیان میں کہا کہ مہنگائی نے پہلے ہی غریبوں کی کمر توڑ رکھی ہے، پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد اب مزید مہنگائی بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سفاک اور فاشسٹ حکمران عوام کو ہر لمحے دکھ دینا نہیں بھولتے، سلیکٹڈ حکومت عوام دشمن ہتھکنڈوں پر کبھی شرمندہ بھی نہیں ہوتی۔
خبر کا کوڈ : 877801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش