0
Monday 3 Aug 2020 15:18

لاہور، عید پر جانوروں کی خریدوفروخت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

لاہور، عید پر جانوروں کی خریدوفروخت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
اسلام ٹائمز۔ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خرید و فروخت کے ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، لاہور کی بارہ مویشی منڈیوں میں 17 لاکھ 71 ہزار 338 جھوٹے بڑے جانوروں کی خرید و فروخت ہوئی، جبکہ 79 ارب 45 کروڑ 67 لاکھ سے زائد کا کاروبار ہوا۔ رائے ونڈ، لکھو ڈہیر، پائن ایونیو اور ڈی ایچ اے کی مویشی منڈیوں میں سب سے زیادہ خریداری ہوئی۔ ضلعی حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر کی 12 مویشی منڈیوں میں 17 لاکھ 71 ہزار 338 جھوٹے بڑے جانور لائے گئے، منڈیوں میں 79 ارب 45 کروڑ 67 لاکھ سے زائد کا کاروبار ہوا۔ رپورٹ کے مطابق رائے ونڈ، لکھو ڈہیر، شانو بابا چوک پائن ایونیو اور ڈی ایچ اے کی مویشی منڈیوں میں سب سے زیادہ خریداری ہوئی، جبکہ انتظامات کے حوالے سے بھی رائیونڈ، لکھو ڈہیر، شانو بابا چوک پائن ایونیو اور ڈی ایچ اے نائن کی منڈیاں بازی لے گئیں۔

پنجاب کے 36 اضلاع میں لاہور کو قربانی اور معاشی سرگرمیوں کے لحاظ سے نمبر ون قرار دیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 10 لاکھ 72 ہزار 842 چھوٹے جانور فروخت ہوئے، جبکہ 6 لاکھ 98 ہزار 398 بڑے جانور فروخت ہوئے۔ شہر میں چھوٹے جانور کا 37 ارب 55 کروڑ 29 لاکھ 70 ہزار روپے کا کاروبار ہوا، بڑے جانور 41 ارب 90 کروڑ 37 لاکھ 60 ہزار روپے میں فروخت ہوئے۔ مجموعی طور پر لاہور میں 78 ارب روپے کا مویشیوں کی خرید و فروخت کا کاروبار ہوا، جبکہ گزشتہ برس 16 لاکھ 3 ہزار جانوروں کی فروخت ہوئی تھی۔ لکھو ڈہیر منڈی میں چھوٹے بڑے 2 لاکھ 30 ہزار جانوروں کی فروخت ہوئی، ایل ڈی اے سٹی کی مویشی منڈی میں 1 لاکھ 17 ہزار، پائن ایونیو میں 1 لاکھ 78 ہزار اور کاہنہ کاچھا منڈی میں 1 لاکھ 39 ہزار جانوروں کی فروخت ہوئی۔

ڈیفنس نائن منڈی میں 1 لاکھ سنتالیس ہزار، کاہنہ رنگ روڈ منڈی میں 1 لاکھ 50 ہزار جانوروں کی فروخت ہوئی۔ سگیاں مویشی منڈی میں 2 لاکھ 26 ہزار، این ایف سی 1 لاکھ 35 ہزار، رائیونڈ مانگا منڈی میں 1 لاکھ 11ہزار جانوروں کی فروخت ہوئی۔ شاہ پور کانجراں منڈی میں ڈھائی لاکھ جانور، سندر منڈی میں 1 لاکھ 20 ہزار، حضرت عثمان غنی روڈ سگیاں منڈی میں 1 لاکھ 72 ہزار جانوروں کی فروخت ہوئی۔ حکام کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہر میں قربانی کا تناسب حج پر پابندی عائد ہونے کی وجہ سے زیادہ رہا، تاہم دیہی معیشت کو مجموعی طور پر تقویت ملی ہے۔
خبر کا کوڈ : 878075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش