0
Friday 14 Aug 2020 20:50

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سعودی سفیر کی ملاقات، یوم آزادی کی مبارکباد

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سعودی سفیر کی ملاقات، یوم آزادی کی مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ سعودی عرب کے سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی قوم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سعودی عرب کیساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ، برادرانہ، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے، پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے سب سے بڑے منصوبے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، اس منصوبے سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کی محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہوں گے، سعودی عرب کے سرمایہ کار اس میگا پراجیکٹ میں بھرپور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی۔ سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پنجاب میں عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، میں آج پاکستان کے عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 880278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش