1
Friday 14 Aug 2020 22:42

فلسطینی شہروں میں اسرائیل-امارات معاہدے کیخلاف وسیع مظاہرے، بن زائد و ٹرمپ کی تصاویر نذر آتش

فلسطینی شہروں میں اسرائیل-امارات معاہدے کیخلاف وسیع مظاہرے، بن زائد و ٹرمپ کی تصاویر نذر آتش
اسلام ٹائمز۔ ترک خبررساں ایجنسی ایناڈولو کے مطابق فلسطینی عوام نے اسرائیل-امارات کے درمیان طے پانے والے مبینہ دوستی معاہدے کے خلاف وسیع احتجاجی مظاہرے برپا کئے ہیں جن میں امارات کے حاکم بن زائد اور امریکی صدر ٹرمپ کی تصاویر کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ہزاروں فلسطینیوں نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اکٹھے ہو کر متحدہ عرب امارات کی جانب سے امتِ مسلمہ خصوصا مسئلۂ فلسطین کے ساتھ کی جانے والی غداری پر بھرپور احتجاج کیا ہے۔



فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق فلسطینی صوبے الخلیل کے شہر یطا میں نقاب پوش مظاہرین کی جانب سے بھی احتجاجی مظاہرہ برپا کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور اماراتی مطلق العنان حاکم بن زائد کی تصاویر کو نذرآتش کیا گیا۔ فلسطینی احتجاجی مظاہرین نے امارات کی خائن حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی دوستی کو فلسطینی امنگوں کے ساتھ خیانت قرار دیا۔



دوسری طرف فلسطینی شہر نابلس کے رہائشیوں نے بھی وسیع احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل-امارات دوستی معاہدے کی بھرپور مذمت کی اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد الشہداء اسکوائر پر جمع کر اس معاہدے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے اپنے احتجاج کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور بن زائد کی تصاویر کے ساتھ ساتھ بنجمن نیتن یاہو کی تصاویر کو بھی پیروں تلے روندا اور نذرآتش کیا۔ اس دوران فلسطینی مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر "فلسطین کی جانب سے بن زائد کے نام۔۔ قدس کا رستہ ہمارے شہداء کے خون سے ہموار ہوا ہے نہ کہ خیانتکاروں کی ہوس بازی سے!" جیسے نعرے درج تھے۔



فلسطینی صوبے سلفیت کے شہر حارس میں بھی فلسطینی عوام نے سڑکوں پر نکل مسئلۂ فلسطین کے ساتھ خیانت پر مبنی اسرائیل-امارات دوستی معاہدے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی کے مطابق حارس میں بھی فلسطینی مظاہرین نے اپنے احتجاجی مظاہرے کے دوران اماراتی مطلق العنان حکمران کی تصاویر کو پیروں تلے روندا اور ٹکڑوں میں تقسیم کیا۔
خبر کا کوڈ : 880292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش