0
Sunday 16 Aug 2020 23:37

اوورسیز پاکستانی ملک میں براہ راست بینکنگ پیمنٹس اور سرمایہ کاری کرسکیں گے، زلفی بخاری

اوورسیز پاکستانی ملک میں براہ راست بینکنگ پیمنٹس اور سرمایہ کاری کرسکیں گے، زلفی بخاری
اسلام ٹائمز۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانی ملک میں براہ راست بینکنگ پیمنٹس اور سرمایہ کاری کرسکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس منصوبہ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اسٹیٹ بینک سمیت تمام کمرشل بینکوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بنیادی معلومات اور دستاویزات آن لائن فراہم کرنا ہوں گی، اوورسیز ہم وطنوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹ اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانی اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاری کرنے کے اہل ہوں گے۔ بینکوں کی جانب سے فکس ڈیپازٹ پراڈکٹس کی آفرز سے بھی فائدہ اٹھانا ممکن ہوگا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رہائشی یا کمرشل پراپرٹی کی خریداری کے لیے براہ راست ٹرانزیکشن کی سہولت مل سکے گی۔ ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستانی اپنی مرضی سے مقامی یا فارن کرنسی میں اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سرمایہ کاری کا شاندار موقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت اوورسز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق منصوبہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اس طرح اوورسیز کمیونٹی کو ملکی ترقی میں اہم اسٹیک ہولڈر بنانا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 880688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش