0
Monday 31 Aug 2020 10:59

چوہدری شجاعت کی وزیر اعظم سے بحران زدہ کراچی کا دورہ کرنے کی درخواست

چوہدری شجاعت کی وزیر اعظم سے بحران زدہ کراچی کا دورہ کرنے کی درخواست
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے اس کا دورہ کریں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک ہفتے کے لیے کراچی کا دورہ کریں اور اس کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے تباہ کن بارشوں کے بعد کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین دہانی کرنی چاہیے کہ ان کے دیے گئے احکامات پر عمل درآمد ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ہمیشہ سیاسی بیان بازی کا شکار ہوا ہے، کراچی میں تمام بڑی سیاسی جماعتیں برسر اقتدار رہی ہیں، یہاں گورنر راج بھی رہا، میئرز اور ایڈمنسٹریٹر بھی تعینات تھے لیکن افسوس کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے علاوہ کراچی کے لوگوں کی بھلائی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ کراچی کے دیگر مسائل میں صاف پانی کا مسئلہ نمایاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے مسئلے پر دھیان دینا چاہیے کیونکہ زیادہ تر لوگوں نے کراچی کی صفائی پر کام کرنے کی بجائے ہاتھ کی صفائی دکھائی ہے، یہاں طاقت کا مطلب صرف پیسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی شہر پر کوئی آفت آتی ہے یہ کہا جاتا تھا کہ میئر کام کرے گا لیکن میئر نے اختیارات نہ ہونے کی شکایت کی، جب معاملات قابو سے باہر ہو جاتے ہیں تب فوج سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ صفائی ستھرائی مہموں کی نگرانی کریں۔ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ اختیارات کی تقسیم کا نہیں بلکہ انتظامی امور کے بارے میں پالیسی تشکیل دینا ہے۔
خبر کا کوڈ : 883344
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش