0
Tuesday 1 Sep 2020 12:36

اے پی سی میں پتہ چل جائے گا کہ سب جماعتیں ایک پیج پر ہیں یا نہیں، مریم نواز

اے پی سی میں پتہ چل جائے گا کہ سب جماعتیں ایک پیج پر ہیں یا نہیں، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کی رہنما اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ وقت کی ضرورت ہے کہ تمام جماعتیں ملک کے لیے ایک پیج پر آئیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور العزیزیہ ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ اے پی سی میں پتہ چل جائے گا کہ سب ایک پیج پر ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں چاہے گا کہ اس عمر میں اپنے ملک سے دور رہے، میاں صاحب کا علاج چل رہا ہے، کورونا کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی، میرا نہیں خیال کہ میاں صاحب اے پی سی میں جانے سے منع کریں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ مکافات عمل تو شروع ہونا ہی تھا، ہر چیز کی اپنی ٹائمنگز ہیں، میں نے تو سوچا تھا کہ حکومت اتنا نیچے آنے میں 5 سال لے گی، حکومت نے اپنا جو نقصان 5 سال میں کرنا تھا وہ 2 سال میں ہی کر بیٹھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف کی ہدایت پر عمل کریں گے، ان کا لندن میں علاج چل رہا ہے، میری والد سے ضد ہو گئی ہے کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا واپس نہ آئیں، حالانکہ وہ وطن واپس آنے کے لیے بہت بے چین ہیں۔ مسلم لیگ نواز کی رہنما نے مزید کہا کہ ہمیں اب اپنے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے بلکہ پاکستان کے متعلق سوچنا چاہیے۔ مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ صبح سے بارش ہو رہی ہے، میں امید نہیں کر رہی تھی کہ اتنے لوگ میرے ساتھ آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 883575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش