0
Tuesday 22 Sep 2020 23:43

گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا فیصلہ ہوچکا، الیکشن کے بعد عملدرآمد ہوگا، شاہ محمود قریشی

گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا فیصلہ ہوچکا، الیکشن کے بعد عملدرآمد ہوگا، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے، ہم آئین میں ترمیم کرکے جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا بل گلگت بلتستان کے الیکشن سے قبل قومی اسمبلی میں پیش کرنا چاہتے تھے، مگر وفاقی پارلیمانی جماعتوں نے عبوری آئینی صوبہ بنانے کا بل جی بی کے الیکشن کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی تجویز دی اور سب نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ جی بی اسمبلی کے انتخابات کے بعد جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا بل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے گا اور اس بل کو متفقہ طور پر منظور کرایا جائے گا۔ منگل کے روز گلگت بلتستان کے تاجروں کے وفد جس کی قیادت پی پی کے رہنماء و سابق رکن اسمبلی جاوید حسین کر رہے تھے، سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کیلئے پاکستان کی پوری قیادت متفق ہے، کشمیری قیادت بھی متفق ہے، کشمیری قائدین اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے تفصیل سے بات ہوئی ہے

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ تمام قیادت جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کیلئے متفق ہے۔ سابق رکن اسمبلی جاوید حسین کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم گلگت بلتستان کو مکمل صوبہ بنانا چاہتے تھے، مگر مسئلہ کشمیر کیلئے کشمیریوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے ہیں، اس لیے سردست عبوری آئینی صوبہ بنا رہے ہیں، جب مسئلہ کشمیر حل ہو کر کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا جائے گا تو جی بی کو مکمل صوبہ بنایا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر متاثر نہیں ہوگا، اس حوالے سے ہم نے تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کی ہے جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اپنے فیصلے میں گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی تجویز دی ہے اور کہا ہے کہ عبوری آئینی صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر متاثر نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 887834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش