0
Wednesday 30 Sep 2020 00:16

افغانیوں کیلیے نئی ویزا پالیسی، ارسا کے وفاق و پنجاب کے نمائندوں کو ہٹانے کی منظوری

افغانیوں کیلیے نئی ویزا پالیسی، ارسا کے وفاق و پنجاب کے نمائندوں کو ہٹانے کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ نے برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک، پاکستان اور برطانیہ کے مابین پروازوں کے اجراء، افغان شہریوں کے لیے نئی ویزا پالیسی، ارسا کے وفاقی اور پنجاب کے ممبرز کو ہٹانے کی منظوری دے دی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کل سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی اور تین کروڑ بچوں کا اسکولوں میں تعلیم کا سلسلہ بحال ہو جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے برطانوی ائیرلائن ورجن اٹلانٹک، پاکستان اور برطانیہ کے مابین پروازوں کے اجراء، افغان شہریوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کی منظوری دے دی۔

کابینہ کو ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے معاملے میں ہونے والی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ کابینہ نے رپورٹ کی سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ارسا کے وفاقی اور پنجاب کے ممبران کو ہٹانے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت دی کہ ان کی جگہ قابل اور تجربہ کار ممبر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور ارسا کا پر فارمنس آڈٹ کرا یا جائے۔ اجلاس کو توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات خصوصاً گردشی قرضوں میں کمی لانے پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں سال 2020ء میں 853 ارب روپے گردشی قرضے میں تین سو ارب روپے سے زائد کی کمی آئی ہے اور اس سال گردشی قرضے کا تخمینہ 538 ارب روپے لگایا جا رہا ہے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف اقدامات جن میں آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت، ریٹرن آن ایکویٹی کو ریشنلائز کرنے، کم کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے پاور پلانٹس کو بند کرنے، سبسڈی کے نظام کی بہتری اور دیگر اقدامات کے نتیجے میں تقریباً 620 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹرانسمیشن اور تقسیم کی مد میں نقصانات میں مسلسل کمی لائی جا رہی ہے۔ دریں اثنا کابینہ نے محترمہ آمنہ بی بی کو بطور اینالسٹ فار بائی لاجیکل ڈرگز تعینات کرنے، پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ 2020ء کے تحت ڈاکٹر ارشد نقی کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا صدر اور علی رضا کی بطور کی تعیناتی جبکہ سید حسین عابدی کو چئیرمین پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹرئیل ریسرچ اسلام آباد تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ٹی سی پی کی جانب سے درآمد کی جانے والی گندم کے حوالے سے پری شپمنٹ ایجنسیوں کو پری شپمنٹ انسپیکشن کی ون ٹائم منظوری بھی دی۔
خبر کا کوڈ : 889262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش