0
Wednesday 7 Oct 2020 20:20

چہلم شہدائے کربلا شیعہ سنی وحدت کا شاندار مظہر ہوگا، شیعہ تنظیموں کی پریس کانفرنس

چہلم شہدائے کربلا شیعہ سنی وحدت کا شاندار مظہر ہوگا، شیعہ تنظیموں کی پریس کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ماہ صفر کی 20 تاریخ کو نواسہ رسول (ص) اور مظلوم جہاں حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے ان باوفا اصحاب کہ جو سنہ 61 ہجری میں کربلائے معلیٰ کی سرزمین پر اسلام کی بقاء کی خاطر شہید ہوئے۔ اربعین کمیٹی کی جانب سے وحدت ہاؤس کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں علامہ باقر عباس زیدی، مولانا عقیل موسیٰ، علامہ کامران عابدی، علی حسین نقوی، مولانا علی انور جعفری، عسکری زیدی، احمد علی جعفری کا کہنا تھا کہ شہدائے کربلا کا چہلم چودہ سو سال سے پوری دنیا میں منایا جا رہا ہے، لہذا اسی تسلسل میں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عاشقان رسول اکرم (ص) و اہلبیت علیہم السلام نواسہ رسول (ص) کا چہلم مناتے ہیں، لہذا اس سال بھی چہلم امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے پاکستان بھر میں چہلم کے اجتماعات اور جلوس برپا کئے جا رہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ آپ بخوبی جانتے ہیں کہ کورونا وباء کے باعث سرحدوں کی بندش ہے اور زائرین امام حسین علیہ السلام عمومی طور پر کربلائے معلیٰ کی طرف عازم سفر نہیں ہو پائے ہیں، تاہم اس برس پاکستان میں چہلم امام حسین علیہ السلام ایک نئے جوش اور ولولہ اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، عزاداری کے جلوسوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی متعلقہ ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جانا چاہیئے، اس بار چہلم شہدائے کربلا شیعہ سنی وحدت کا شاندار مظہر ہوگا، ہم وفاقی اور سندھ حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ اس سال چہلم نواسہ رسول (ص) ابا عبد اللہ امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے شہریوں اور عزاداروں کے لئے ہمیشہ کی طرح بہترین انتظام اور سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ حکومت کی صفوں میں ایسے عناصر اور کالی بھیڑیں موجود ہیں، جو چہلم امام حسین علیہ السلام کے تقدس کو پامال کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کرکے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں، لہذا ہم ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ عناصر ہوش کے ناخن لیں، ہم حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نواسہ رسول اکرم (ص) سے عقیدت اور محبت کے اس سفر میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ اور اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، لہذا حکومت اپنی صفوں میں موجود ایسے عناصر کا تدارک کرے، بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، آئی ایس او و دیگر ملی تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 890741
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش