0
Tuesday 13 Oct 2020 19:59
بلوچستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کا فقدان

بلوچستان میں کرونا جیسی آفت سے نمٹنے کیلئے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی خدمات حاصل کرنا پڑیں، لیاقت شاہوانی

بلوچستان میں کرونا جیسی آفت سے نمٹنے کیلئے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی خدمات حاصل کرنا پڑیں، لیاقت شاہوانی
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان میں پچھلی ایک صدی میں زلزلے، سیلاب، سونامی جیسی قدرتی آفات وقتاً فوقتاً تباہیاں مچاتی رہیں، لیکن کورونا وائرس کی وبا کی شکل میں آنے والی آفت نے بلوچستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کی قلعی کھول دی، جہاں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کا فقدان نظر آیا۔ کوئٹہ میں 31 مئی 1935ء میں آنے والے زلزلے میں 40 ہزار افراد کی ہلاکت کا واقعہ ہو یا 1945ء میں مکران میں آنے والی سونامی میں بہنے والی سیکڑوں ہلاکتیں۔ بلوچستان کے خطے نے مختلف ادوار میں زلزلہ، سیلاب اور خشک سالی جیسی کئی آفات دیکھی ہیں مگر رواں سال فروری میں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح بلوچستان میں بھی آنے والی کورونا کی وبا نے 16 ہزار افراد کو متاثر کیا، ڈھائی سو افراد لقمہ اجل بنے اور صوبے کو 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

بلوچستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے معاملے پر ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ مالی نقصان تو کافی ہوا، چھ ارب روپے اضافی دینے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بیپرا میں کافی رعایت دینے سے ٹیکس ریونیو پر کافی اثر پڑا جو تقریباً دو ارب رپے ہے، جبکہ صوبے میں 7 لاکھ لوگ مزید غربت کا شکار ہوگئے۔ محکمہ صحت کی ناکامی کے بعد حکومت کو کورونا وائرس جیسی آفت کا مقابلہ کرنے کے لیے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی خدمات حاصل کرنا پڑیں۔ اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر فیصل پانیزئی  کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ہماری حکومت کے لیے ایک چیلنج تھا، یہ ایک نئی چیز تھی، ایک نیا ڈیزاسٹر تھا، اس کے لیے کوئی ہنگامی پلان مرتبہ نہیں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایسی آفت سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کے پاس مکمل پلان ہے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس، سیلاب، زلزلہ یا ان جیسی دیگر آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے جہاں عوام کو مناسب آگہی دینا ضروری ہے، وہیں صوبے میں آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم رکھنے کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 891874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش