0
Wednesday 25 Nov 2020 23:00

ملتان، پی ڈی ایم کے جلسے کو کامیاب کرانے کیلئے پی پی پی کی ریلی، حکومت نے مقدمہ درج کرلیا 

ملتان، پی ڈی ایم کے جلسے کو کامیاب کرانے کیلئے پی پی پی کی ریلی، حکومت نے مقدمہ درج کرلیا 
اسلام ٹائمز۔ 30نومبر کو ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسہ کی کامیابی کے سلسلے میں ویلکم بلاول بھٹو زرداری موٹر سائیکل ریلی نواں شہرچوک سے گھنٹہ گھر چوک تک نکالی گئی، جس میں سینکڑوں جیالوں نے شرکت کی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نواں شہر چوک پر ٹریکٹر ٹرالیاں اور بیریئرز لگا کر تمام راستے بند کر دیئے گئے جبکہ نواں شہر چوک سے گھنٹہ گھر تک جگہ جگہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئیں اور دکانیں بھی مکمل طور پر بند کرادی گئیں، نواں شہر چوک پر ٹریکٹر ٹرالیاں اور بیریئرز لگائے جانے کے باوجود جیالے تمام تر رکاوٹیں توڑ کر نواں شہر پہنچے اور گھنٹہ گھر تک جانے والی ریلی میں شرکت کی، جبکہ ریلی میں پہنچنے والے کارکنوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ ریلی کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق اراکین قومی اسمبلی سید عبد القادر گیلانی، سید علی موسی گیلانی، رکن صوبائی اسمبلی سیدعلی حیدر گیلانی، سید علی قاسم گیلانی، رکن قومی اسمبلی نو اب زادہ افتخاراحمد خان نے کہا کہ سیاسی انتقام زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا، سلیکٹڈ حکومت جتنا مرضی ظلم کرلے عوام تیس نومبر کو باہر نکلے گی اور قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں حکمرانوں کی عوام کش پالیسیوں، ناانصافی، جبر، مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف عوام کا ٹھاٹھیں مارتا عوامی سمندر ہو گا۔ پی ڈی ایم آج ایک ملک گیر عوامی تحریک بن چکی ہے، حکومت کے ایما پر ہم پر، علی قاسم گیلانی، شیخ طارق رشید، چوہدری عبد الوحید آرائیں سمیت دیگر درجنوں کارکنوں پر جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا اور گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔

عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ تھانہ لوہاری گیٹ کے سامنے بغیر ضمانت کے آیا ہوں کیونکہ ہم نے اس لئے ضمانت نہیں کرائی کہ جب ہم نے کوئی جرم ہی نہیں کیا حکومت کو ہم پر بے بنیاد مقدمات درج کرنے پر شرم آنی چاہیئے، حکومتی ظلم و ستم کے خلاف عوام آج سڑکوں پر آنے پر مجبور ہیں کیونکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری نے ان کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے اور کرپشن و ناانصافی نے ملک وقوم کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں، حکومت کی جانب سے پینافلیکس، پوسٹرز، بینرز بنانے والوں کو سختی سے ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ پی ڈی ایم کی تشہیر والے پینافلیکس، پوسٹرز، بینرز نہ بنائیں ورنہ انہیں پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا اور جو پی ڈی ایم کے جلسہ کی تشہیر کے پینافلیکس، پوسٹرز لگائے جا رہے ہیں وہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر اتروائے جارہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جتنی مرضی رکاوٹیں کھڑی کرلے اور جھوٹے مقدمات درج کرلے ملتان میں 30نومبر کو جلسہ ہر صورت میں ہوگا، جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ضلعی انتظامیہ اپنے آقاوں کو خوش کرنے کے لئے پرامن پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ رہنماوں نے مزید کہا کہ جیالے ہوں یا متوالے گرفتاریوں اور مقدمات سے گھبرانے والے نہیں ہیں، جلسہ میں بھرپور شرکت کریں گے کیونکہ ہم سیاسی کارکن ہیں، حکومتی ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے پیپلزپارٹی کی جانب سے بلااجازت ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 899962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش