0
Thursday 26 Nov 2020 20:43

سید امجد زیدی سپیکر، نذیر احمد ایڈووکیٹ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب

سید امجد زیدی سپیکر، نذیر احمد ایڈووکیٹ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی کیلئے تحریک انصاف کے سید امجد زیدی سپیکر جبکہ نذیر احمد ایڈووکیٹ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے۔ جمعرات کے روز سپیکر فدا محمد ناشاد کی زیر صدارت نومنتخب اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ تحریک انصاف کے سید امجد زیدی کو 18 ووٹ ملے جبکہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار نون لیگ کے غلام محمد کو 8 ووٹ حاصل ہوئے۔ بعد میں نومنتخب سپیکر سید امجد زیدی کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کا چنائو عمل میں لایا گیا۔ ڈپٹی سپیکر کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار نذید احمد ایڈووکیٹ کو 22 ووٹ حاصل ہوئے، ان کے مدمقابل اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار رحمت خالق کو 9 ووٹ ملے۔

نومنتخب سپیکر سید امجد زیدی کون ہیں؟
 گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب سپیکر سید امجد زیدی کا تعلق کھرمنگ سے ہے اور وہ گلگت بلتستان کے معروف خطیب، شاعر و سابق ڈپٹی سپیکر سید اسد زیدی کے بھائی ہیں۔ سید اسد زیدی کو اپریل 2009ء میں گلگت کشروٹ کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ شہید اسد زیدی جی بی کے مشہور و معروف شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے سیاستدان بھی تھے۔ اسد زیدی کے قتل کے بعد امجد زیدی نے سیاست میں قدم رکھا اور پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے کھرمنگ میں بہت سرگرم رہے۔ امجد زیدی نے حالیہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ امجد زیدی بھی اپنے بھائی کی طرح سیاستدان ہونے کے ساتھ شاعر بھی ہیں۔ ان کی منقبت، مرثیہ اور نوحے بلتستان میں بہت مشہور ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی سپیکر نذیر احمد کا تعلق ضلع غذر سے ہے اور وہ پیشے سے اعتبار سے وکیل ہیں۔

وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے لیے 27 نومبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اور 28 نومبر کو چناؤ عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم کے ٹیبل پر فتح اللہ خان اور بیرسٹر خالد خورشید کے نام زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق فتح اللہ خان اور خالد خورشید اب تک وزارت اعلیٰ کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ ادھر ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن اسمبلی کرنل (ر) عبید اللہ بیگ جبکہ بلتستان سے راجہ ذکریا خان مقپون بھی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 900159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش