0
Thursday 26 Nov 2020 23:07

 موجودہ صورتحال میں کسی کو بھی جلسے جلوسوں اور ریلیوں کہ اجازت ہرگز نہیں ہونی چاہئے، پی ایم اے ملتان 

 موجودہ صورتحال میں کسی کو بھی جلسے جلوسوں اور ریلیوں کہ اجازت ہرگز نہیں ہونی چاہئے، پی ایم اے ملتان 
اسلام ٹائمز۔ نشتر ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر گیا، وینٹی لیٹرز کی شدید کمی، دو روز کے دوران 11 کورونا کے مریض دم توڑ گئے، 190 مریض داخل، وائس چانسلرنشتر و انتظامیہ ناکام، پی ایم اے ملتان کی ہنگامی پریس کانفرنس، تفصیل کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پروفیسر ڈاکٹر طارق وقار جنرل سیکرٹری، پروفیسر ڈاکٹر رانا خاور، ڈاکٹر ظفر ملک، ڈاکٹر شیخ عبدالخالق، ڈاکٹر شریف شاہد، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر، ڈاکٹر خرم ملک، ڈاکٹر وقار نیازی، ڈاکٹر قمر عباس اور ڈاکٹر امجد ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد کورونا کی دوسری شدید لہر سے ہونے والے نقصانات اور نشتر یونیورسٹی انتظامیہ کے بلند بانگ دعووں کی اصل تصویر کشی ہے، اس وقت نشتر ہسپتال ملتان کے تقریبا 12 وارڈز میں کورونا کے تقریبا 190 مریض داخل ہیں آئی سی یو 90 فیصد تک کرونا کے مریضوں سے بھر چکا ہے۔ گزشتہ روز 11 مریض کرونا کے باعث وفات پا گئے، ضلع ملتان اس وقت پنجاب اور پاکستان بھر میں کورونا سے متاثرہ علاقوں میں سرفہرست ہے، اس کے ساتھ ہی وینٹی لیٹر کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے پاکستان بھر میں پہلے نمبر پر ہے، اس صورتحال کے باعث نئے آنے والے مریضوں کو وینٹیلیٹر کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے اور ہمارے ڈاکٹر شدید مسائل کا شکار ہیں، اس تمام تشویشناک صورتحال کے باوجود نشتر یونیورسٹی انتظامیہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے، نشتر آوٹ ڈور میں تقریبا روزانہ تین ہزار مریض آ رہے ہیں، شدید رش اور سماجی فاصلہ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی کرونا کی پہلی لہر کے دوران آوٹ ڈور کو یونیورسٹی کی عمارت میں شفٹ کیا گیا تھا، فلٹر کلینکس کا قیام کیا گیا تھا، ایک وقت میں ایک مریض کی ڈاکٹر تک رسائی یقینی بنائی گئی تھی ان اقدامات کے باعث کرونا کے پھیلاو کو روکنے میں کافی مدد ملی تھی۔ 

پی ایم اے ملتان اعلی حکام سے بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ ان حالات میں فرنٹ لائن وولنٹیئرز زندگیاں بہت اہم ہیں جس کے لیے اس دور میں اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو جس رفتار سے ڈاکٹرز متاثر ہو رہے ہیں مستقبل میں مریضوں کو علاج کی فراہمی شدید متاثر ہو سکتی ہے، کورونا کی دوسری لہر میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس شدید متاثر ہوئے ہیں لیکن وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ اعلیٰ حکام کے سامنے نشتر کا مقدمہ لڑنے میں مکمل ناکام رہے ہیں، دوسرے ہسپتالوں کے برعکس کسی مارچ سے اب تک نشتر میں کام کرنے والے کسی ڈاکٹر، ہیلتھ سٹاف کو کرونا رسک الاونس نہیں ملا۔ شعبہ فلمونولوجی، آئی سی یو اور میڈیسن کے ڈاکٹر بالخصوص اور باقی تمام شعبہ جات کے ڈاکٹر بالعموم اس وبا کے دوران ان تھک محنت کرتے رہے ہیں اور کر رہے ہیں ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ نے عملی طور پر ان ہیروز کو خراج تحسین نہیں پیش کیا، جس کی وجہ سے ان کا مورال کم ہو رہا ہے نشتر یونیورسٹی انتظامیہ اور وائس چانسلر نشتر عملی کام کرنے کی بجائے سوشل میڈیا اور سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو ڈاکٹر کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھرتی ہوئے اب تک ان سے کچھ لوگ تنخواہوں سے محروم ہیں اور مزید ڈاکٹر کی بھرتیوں کو ڈیلے کیا جا رہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جن ڈاکٹرز نے پہلے کرونا وارڈ میں کام کیا ہے، انہیں فوقیت دی جائے اور سفارشی کلچر کو پروان چڑھانے سے گریز کیا جائے، پی ایم اے ملتان ہمیشہ کی طرح اپنے ڈاکٹر کو درپیش مسائل حل کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور نشتر یونیورسٹی انتظامیہ کی غلطیوں اور ناکامیوں سے پردہ چاک کرتی رہے گی۔

اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا کہنا تھا موجودہ صورتحال میں کسی کو بھی جلسے جلوسوں اور ریلیوں کہ اجازت ہرگز نہیں ہونی چاہئے، پی ایم اے ملتان وزیراعلیٰ پنجاب، وزیرصحت پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ، کمشنر ملتان سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ شدید متاثرہ ضلع ملتان میں سمارٹ لاک ڈاون کیا جائے، ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، نشتر یونیورسٹی و ہسپتال کے فنڈز کا ہنگامی بندوبست کیا جائے دیگر محکموں کی طرح ڈاکٹر اور ہیلتھ سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی 50 فیصد کم کی جائیں تاکہ ایمرجنسی حالات میں ہمیں افرادی قوت کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے، جبکہ عوام الناس سے بھرپور اپیل کی جاتی ہے کہ ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس وبا کی دوسری شدید لہر سے نمٹا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 900175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش