0
Friday 4 Dec 2020 20:02
 مغربی استعمار کے ایجنٹوں نے عوام کو غربت و بے روزگاری کے تحفے دیئے 

ایک کرپٹ اشرافیہ ملک پر گزشتہ 73 سالوں سے مسلط ہے، سراج الحق 

ایک کرپٹ اشرافیہ ملک پر گزشتہ 73 سالوں سے مسلط ہے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں یوتھ کے ذریعے پولنگ بوتھ پر سرپرائز دیں گے۔ جمہوریت کے نام پر جدوجہد کرنے والی نام نہاد سیاسی پارٹیاں سماج اور جمہور کا مذاق اڑا رہی ہیں۔ 73 سالوں میں ظالم اشرافیہ نے ملک میں اسلامی نظام کو نافذ نہیں ہونے دیا۔ مہنگائی ناقابل برداشت، بے روزگاری نے ملک میں ڈیرے ڈال لیے ہیں، پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا اور بندگلی میں دھکیل دیا۔ جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کو ٹکٹ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ بورڈ کے منصورہ میں ہونے والے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ ملک میں جمہوریت کے نام پر سیاست کرنے والی اکثر پارٹیاں خود جمہوریت کے تصور سے ناآشنا ہیں۔ ایک کرپٹ اشرافیہ ملک پر گزشتہ 73 سالوں سے مسلط ہے۔ انہوں نے آج تک ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہونے دیا، جس کے لیے کروڑوں مسلمانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ اگر ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت کا تسلسل ہی رکھنا تھا تو پھر ملک کو آزاد کرانے کا کیا فائدہ ہوا۔ مغربی استعمار کے ایجنٹوں نے عوام کو غربت و بے روزگاری کے تحفے دیے اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ تمام مسائل کو حل کر دے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا اور صرف اڑھائی سالوں میں ہی ان کو ذہنی مریض بنا دیا۔ ہر علاج کا دعویٰ کرنے والے عطائیوں نے ملک کو مفلوج کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے 35 لاکھ سے زائد لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔ مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، ادارے تباہ ہو گئے اور سب سے بڑا ظلم یہ ہوا کہ ملک کا نوجوان مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہوگیا۔ ان حالات میں جماعت اسلامی نے عوام کی آواز کو بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایک بھرپور عوامی مہم شروع کی ہے۔ مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف جاری مہم کے دوسرے فیز کا آغاز گوجرانوالہ سے ہوگا۔ سینیٹر سراج الحق نے جے آئی یوتھ کو ہدایت کی کہ وہ گلی گلی، محلے محلے جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچائیں اور ملک کے کروڑوں نوجوانوں کی آواز بنیں۔ انہوں نے جے آئی یوتھ کو یقین دلایا کہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دے گی کیوںکہ اس ملک کا نوجوان ہی قوم کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک سے موروثی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 901641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش