0
Friday 4 Dec 2020 21:45

ملتان، سابق صوبائی وزیر پیپلزپارٹی کے رہنما رائے منصب علی کا مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان

ملتان، سابق صوبائی وزیر پیپلزپارٹی کے رہنما رائے منصب علی کا مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سابق صوبائی وزیر رائے منصب علی خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے بیانیہ کے بعد پیپلزپارٹی چھوڑ کر واپس اپنی جماعت مسلم لیگ ( ق ) میں شمولیت کا اعلان کر رہا ہوں۔ وفاقی حکومت ہم سے ووٹ تو لے لیتی ہے لیکن ہماری قیادت کو آن بورڈ نہیں لیا جاتا۔ کسان کے حالات بہت خراب ہیں۔ کرپشن کے نرخ واقعی بڑھ گئے ہیں تاہم مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ کپاس کی پیداوار آدھی رہ گئی ہے جو ہماری بدقسمتی ہے۔ میں دعوی کرتا ہوں کہ آج بھی چوھدری پرویز الہی کو وزیر اعلی پنجاب بنادیا جائے تو وہ سارے معاملات ٹھیک کردیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن سے اپیل ہے کہ انسانی بنیادوں پر علیحدہ صوبہ بنایا جائے۔ جلد ہی چوھدری پرویز الہی ملتان آئیں گے اور ہم پی ڈی ایم سے بڑا جلسہ کر کے دکھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ق لیگ میں شمولیت کے بعد ملتان میں اپنی پہلی پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی کا دور سنہری دور تھا اور لوگ آج بھی اس دور کو یاد کرتے ہیں اور ان کے مثالی کاموں کی تعریف کرتے ہیں، یہی بات مسلم لیگ میں دوبارہ شمولیت کا باعث بنی اور ہر سطح پر لوگوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور پریس کانفرنس میں ورکرز کی بھر پور شرکت میری بات کی تائید کے لیے کافی ہے۔

انہون نے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہونے کے ناطے ہمیشہ اچھے مشورے دیتے ہیں، کسانوں کے لیے گندم کی خرید اور کپاس کی پیداوار کی بہتری کے لیے چوہدری پرویزالہی کا بیان کسان دوست پالیسی کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن اور حکومت دونوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جنوبی پنجاب کو فی الفور صوبہ بنایا جائے تاکہ یہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو اور یہ خطہ ترقی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین ماہ میں جنوبی پنجاب کی تنظیم سازی تحصیل سطع تک مکمل کر کے چوہدری پرویز الہی کو تمام تنظیموں کی مشاورت سے جنوبی پنجاب کے دورہ کی دعوت دینگے اور انشاءاللہ پی ڈی ایم سے بڑا جلسہ کر کے دکھائیں گے۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پپلزپارٹی چھوڑ کر دوبارہ اپنے گھر مسلم لیگ (ق) میں آیا ہوں اور اب باقی زندگی اسی پارٹی کے ساتھ رہوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کا ریٹ تو واقعی بڑھ گیا ہے حکومت کو چاہیے کہ اسے کنٹرول کرے۔
خبر کا کوڈ : 901658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش