0
Wednesday 9 Dec 2020 19:45

چند دنوں کی سیاسی گہما گہمی نے حکومت کی ہوائیاں اُڑا دی ہیں، عبدالغفور راشد

چند دنوں کی سیاسی گہما گہمی نے حکومت کی ہوائیاں اُڑا دی ہیں، عبدالغفور راشد
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ چند دنوں کی سیاسی گہما گہمی نے حکومت کی ہوائیاں اُڑا دی ہیں۔ کورونا کی آڑ میں عمران حکومت اپنی نااہلی چھپا نہیں سکتی، پاکستان کے عوام باشعور ہیں، اپنے جمہوری حقوق لے کر رہیں گے، حکومت اداروں کو تباہ کرنے کی بجائے، آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے، منافقت چھوڑ دے، ایک طرف کہا جاتا ہے کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ نہیں روکا جائے گا اور دوسری طرف کرسیاں اور ٹینٹ دینے والوں کیخلاف مقدمات درج کرنے کے اعلانات وزیر اعظم خود کرتے ہیں، لیکن واضح رہے کہ حکومت کیخلاف نفرت کا لاوہ پک چکا ہے، عوامی طاقت کے سامنے اب کوئی بھی کھڑا نہیں ہو سکتا، ملتان میں پی ڈی ایم ورکرز پر پولیس تشدد اور کارکنوں کی مزاحمت سے حکومت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

عیادت کیلئے آنیوالے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لاہور میں حکومت کو ملتان سے زیادہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا، حکومت کی عافیت جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالنے میں ہے، قلعہ کہنہ قاسم ملتان میں جلسہ روک کر عمران خان کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوامی نمائندگی کریں گی۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث لاہور جلسے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غربت بیروزگاری بدامنی اور صحت کی سہولتوں کا فقدان حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے، سرکاری ہسپتالوں میں مریض رل گئے ہیں۔ کبھی مفت علاج ہو جاتا تھا اب نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں عوام کو سبز باغ دکھائے گئے تھے، جن لوگوں نے پی ٹی آئی کے دعووں سے متاثر ہوکر نااہل ٹولے کو ووٹ دیئے تھے، ان کا شوق پورا ہو گیا ہے اور اب شرمندگی سے منہ چھپائے پھرتے ہیں اور توبہ کر رہے ہیں کہ وہ آئندہ غلطی نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 902644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش