0
Sunday 13 Dec 2020 18:16

المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی پر پابندی امریکی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، علامہ افضل حیدری

المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی پر پابندی امریکی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، علامہ افضل حیدری
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے اتحاد امت اسلامی کے عالمی تعلیمی مرکز المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی پر امریکہ کی طرف سے پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے علم دشمن اقدام کو امریکی بوکھلاہٹ کا ثبوت قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اقتصادی و دفاعی پابندیوں کے بعد علمی پیشرفت روکنے کے اقدامات علم دشمنی اور اسلامی تعلیمات پر حملہ ہے، جس کی پورے عالَمِ اسلام کو مذمت کرنی چاہیئے۔ المصطفیٰ یونیورسٹی میں تمام مسالک و مذاہب کے امریکہ و یورپ سمیت دنیا بھر کے120 ممالک کے طلباء و طالبات دینی علوم حاصل کرتے ہیں، جس کے نصاب میں دہشتگردی تو درکنار فرقہ وارانہ مواد بھی شامل نہیں۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ افضل حیدری نے کہا کہ 2 سال قبل لاہور میں ایران کے مدارس دینیہ کے سربراہ آیت اللہ اعرافی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد کیساتھ پاکستان کے دورے پر آئے تھے، تو اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے قائدین کے اجلاس میں یونیورسٹی کے نصاب اور نظام پر اعتماد کا اظہار کیا گیا تھا، جبکہ 2006ء میں اتحاد تنظیمات کے قائدین مرحوم مولانا سلیم اللہ خان، مولانا ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید، مفتی منیب الرحمن، قاری محمد حنیف جالندھری اور دیگر نے ایران کے دورے کے موقع پر قریب سے اس یونیورسٹی کے نظام اور نصاب کا مشاہدہ بھی کیا تھا۔

سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ نے کہا کہ امریکہ اس سے قبل بھی پاکستانی دینی مدارس کیخلاف بھی انتہاء پسندی کو فروغ دینے کا پراپیگنڈہ کرتا رہا ہے، حالانکہ اس قسم کے چند مدارس امریکی سازش کے تحت ایسا کرکے تمام مدارس کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ بنے تھے، جس کے تحت جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں مدارس کی اصلاح کے نام پر مدارس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی گئی، جس کی اتحاد تنظیمات مدارس نے مزاحمت کی اور امریکی عزائم خاک میں ملا دیئے۔ اب ایک معتبر بین الاقوامی اسلامی ادارے پر وار کرکے امریکہ نے جہالت کی ترویج اور اسلام کی نورانی تعلیمات کا راستہ روکنے کی منفی کوشش کی ہے، لیکن اس میں بھی اسے ناکامی ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حالیہ امریکی اقدام سے دنیا بھر کے علم دوست حلقوں میں امریکہ کیخلاف نفرت بڑھے گی۔ نومنتخب امریکی صدر اپنے ملک پر رحم کرتے ہوئے اس طرح کے گھٹیا حربوں سے اجتناب کریں، جن کا نتیجہ نفرتوں میں اضافے اور عالمی امن کو نُقصان کے علاوہ کچھ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 903393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش