0
Thursday 17 Dec 2020 14:05

مشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز جاکھرانی کی درخواست ضمانت مسترد

مشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز جاکھرانی کی درخواست ضمانت مسترد
اسلام ٹائمز۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور جیکب آباد ہائی وے کرپشن کیسز میں عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، اعجاز جاکھرانی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے اعجاز جاکھرانی کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ عبوری ضمانت بھی مسترد کر دی۔ دوران سماعت وکیل مشیر جیل خانہ جات نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنایا گیا، سیاسی مخالفین کی درخواست پر انکوائری شروع کی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مشیر جیل خانہ جات سندھ کے خلاف ہائی وے جیکب آباد اور زائد اثاثے بنانےکی انکوائری چل رہی ہے، ان کے خلاف ریفرنس دائر ہو چکا ہے۔ عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب حکام اعجاز جاکھرانی کو گرفتار کرنے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں۔ نیب کے مطابق اعجاز جاکھرانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعجاز جاکھرانی کو مشیر جیل خانہ جات کا قلمدان دیا ہوا ہے، اعجاز جاکھرانی نے گزشتہ دنوں ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 904316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش