0
Saturday 19 Dec 2020 12:53

متعدد (ن) لیگی ارکان قبضہ مافیا نکلے، ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی ہتھیانے کا انکشاف

متعدد (ن) لیگی ارکان قبضہ مافیا نکلے، ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی ہتھیانے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری زمینوں پر سیاستدانوں کے قبضے اور سرکاری زمین اپنے نام ٹرانسفر کرانے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے سابق رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے 23 سو 90 کنال سرکاری زمین غیر قانونی طور پر اپنے نام الاٹ کروائی۔ رپورٹ کے مطابق سابق(ن) لیگی ایم این اے چودھری اشرف نے 25 ایکڑ سرکاری زمین غیر قانونی طور پر اپنے نام الاٹ کروائی۔ (ن) لیگی رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے کمرشل عمارت بنائی۔ (ن) لیگی رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر نے تین کنال زمین پر پٹرول پمپ اور سینما بنا کر قبضہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق (ن) لیگی رہنما شیر علی خان گورچانی نے 674 ایکڑ سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کیا۔
 
(ن) لیگی رہنما و سابق رکن پنجاب اسمبلی میر بادشاہ قیصرانی نے 4 سو ایکڑ سرکاری زمین اپنے نام الاٹ کروائی۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق (ن) لیگی رہنما و ایم پی اے اعجاز احمد نے 971 کنال سرکاری زمین اپنے نام الاٹ کروائی۔ گوجرانوالہ کے سابق میئر شیخ ثروت اکرام نے سرکاری دکانوں اور پارکنگ کی غیرقانونی الاٹمنٹ اپنے نام کروائی۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کے مطابق سرکاری زمینوں پر قبضے کی239 انکوائریاں چل رہی ہیں۔ اب تک سیاستدانوں کیخلاف سرکاری زمینوں پر قبضے اور غیرقانونی الاٹمنٹ پر 34 مقدمات درج ہوئے ہیں۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کے مطابق سرکاری زمینوں پر قبضے میں ملوث افسران اور عوامی نمائندوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ رواں سال کے دوران  قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان سمیت 22 (ن) لیگی رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 904704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش