0
Friday 25 Dec 2020 21:27

 عمران خان استعفے دو ورنہ عوام چھین لیں گے، مخدوم جاوید ہاشمی 

 عمران خان استعفے دو ورنہ عوام چھین لیں گے، مخدوم جاوید ہاشمی 
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میری آواز کو دبانے کے لیے مقتدر قوتیں سطحی ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہیں، بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود میرے خاندان کے پانچ میٹر اتار لیے گئے ہیں یہ کام کسی ایس ڈی او کا قطعی نہیں ہوسکتا۔ رات کے اندھیرے میں چوری سے بجلی کے کنکشن منقطع کرنا بزدلی ہے جبکہ میرے ذمہ بجلی کی مد میں ایک روپیہ بھی واجب الادا نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میرا داماد اور بھائی سب لوگ بل ادا کر چکے ہیں، بل بھی بہت معمولی سے ہیں، 1500 سے لیکر 10 ہزار تک کے بل پر ہماری بجلی کاٹی جارہی ہے، طاقتوروں سے کہتا ہوں اس لیول پر نہ آئیں، اگر میں غلط ہوں تو مجھے گرفتار کرلو، تم بزدل ہو گرفتار نہیں کرسکتے ہو ایسی چھوٹی اور بھونڈی حرکتوں سے وہ اچھا نہیں کر رہے رات کے اندھیرے میں چوری سے بجلی کاٹنا بزدلی ہے، میرے ذمہ بجلی کی مد میں ایک روپیہ بھی واجب الااد نہیں ہے، یہاں کے اہم افسران یہ کاروائیاں کررہے ہیں وگرنہ عدالت کے حکم کے باوجود میٹرز نہ لگانے کی وجہ کیا ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے لازوال قربانیاں دی ہیں جتنی مصیبتیں شریف خاندان پر ڈھائی گئی ہیں انہوں نے برداشت کی ہیں، عمران خان کو کئی بار کہا کہ ان کے کہنے میں نہ آ تو اس نے کہا کہ مجھے سب کچھہ مل رہا ہے، اب میں کہہ رہا ہوں کہ عمران خان استعفی دو ورنہ عوام چھین لیں گے، عمران خان کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، عمران خان بکا اور ہمیں دھوکا دیا، عمران خان نے سیاسی خودکشی کی ہے اور میں آج بھی زندہ بیٹھا ہوں، پی ڈی ایم کا کردار ہمیشہ انہیں ادا کرنا ہوگا، یہ پہلا اتحاد ہے جو اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر بنا ہے، اب جمہوریت زندہ ہو رہی ہے، یہ پی ڈی ایم کو توڑنے کیلئے ظلم کر رہے ہیں، یہ ملک کو توڑنے کی کوششیں کرتے ہیں تو مجھ سمیت ہر محب وطن کو پاگل پن کے دورے پڑتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 906154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش