0
Wednesday 30 Dec 2020 11:57

اثاثہ جات کیس میں گرفتار رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ منظور

اثاثہ جات کیس میں گرفتار رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ منظور
اسلام ٹائمز۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار لیگی رہنما خواجہ آصف کو آج سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے خواجہ آصف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خواجہ آصف کو کل تک متعلق عدالت میں پیش کیا جائے۔ احتساب عدالت کی جانب سے راہداری ریمانڈ دئیے جانے پر خواجہ آصف کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کی استدعا کی اور عدالت کو بتایا کہ نیب راولپنڈی نے تحقیقات شروع کی جبکہ نیب لاہور نے میرے موکل کو گرفتار کیا، تاہم احتساب عدالت نے ان کی استدعا مسترد کردی۔

ترجمان نیب کے مطابق خواجہ آصف کو آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، ان کیخلاف نیب میں تحقیقات جاری ہیں، خواجہ آصف نے اثاثہ جات کی نوعیت، ذرائع اور منتقلی کو چھپایا، خواجہ آصف مختلف ادوار میں وفاقی وزیر اور ممبر قومی اسمبلی رہے۔ نیب کے مطابق عوامی عہدے رکھنےسے قبل خواجہ آصف کے اثاثہ جات 51لاکھ پر مشتمل تھے، دو ہزار آٹھ تک تک مختلف عہدوں پر رہنے کے بعد انکے اثاثہ جات221 ملین ہوگئے، خواجہ آصف کی آمدن انکے اثاثوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔ نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے مختصر گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، دو ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، ابھی تک نیب نےکوئی تفتیش نہیں کی جبکہ مجھے چارج شیٹ دی گئی کہ میرے اثاثے بڑھ گئے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری کے پیچھے 100 فیصد عمران خان کے مقاصد ہیں لیکن کوئی بات نہیں اوپر والا دیکھ رہا ہے، اب بہت کیس چلیں گے، نیب کا قانون اب ایسا ہی رہے گا، میری گرفتاری کے پیچھے جس کا ہاتھ ہے بتا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 907006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش