0
Tuesday 12 Jan 2021 18:51

جمہوریت کا ورد کرنیوالی سیاسی جماعتیں ہی جمہوریت کی سب سے بڑی دشمن ہیں، خرم نواز گنڈاپور

جمہوریت کا ورد کرنیوالی سیاسی جماعتیں ہی جمہوریت کی سب سے بڑی دشمن ہیں، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 13 جنوری کو انتخابی اصلاحات کیلئے لانگ مارچ کیا، ملکی سیاسی تاریخ کا یہ پہلا لانگ مارچ تھا جس کا ایجنڈا حقیقی جمہوریت کا قیام تھا، ڈاکٹر طاہر القادری نے 8 سال قبل انتخابی اصلاحات کا جو ویژن دیا آج سب وہی بات کر رہے ہیں، پاکستان کے لاکھوں افراد نے ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں عوام دشمن فرسودہ نظام انتخابات کیخلاف نفرت کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو کی سیاسی قوتوں نے عوامی رائے کو دباتے ہوئے انتخابی اصلاحات نہیں ہونے دیں، جمہوریت کا ورد کرنیوالی سیاسی جماعتیں ہی جمہوریت کی سب سے بڑی دشمن ہیں، آج جو جماعتیں دھاندلی کیخلاف احتجاج کر رہی ہیں یہی قوتیں دھاندلی کے نظام کو مضبوط اور کھڑا کرنیوالی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتیں اگر چاہتی ہیں الیکشن شفاف ہوں تو وہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے انتخابی اصلاحات کے ویثرن کو اختیار کریں۔2013 میں اس وقت کی حکومت نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے جو تحریری معاہدہ کیا تھا وہ دستاویز آج بھی محفوظ ہے اس پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا لانگ مارچ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، حقیقی جمہوریت کے قیام، استحصالی نظام کے خاتمے اور انتخابی اصلاحات کیلئے تھا، تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا تھا کہ لانگ مارچ کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے نہیں بلکہ ڈی ریل جمہوریت کو پٹڑی پر چڑھانا چاہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوراللہ صدیقی، بشارت جسپال، قاضی شفیق، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، چودھری افضل گجر، ڈاکٹر سلطان محمود و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 13 جنوری 2013ء کو عوام نے کرپٹ اور ظالمانہ نظام انتخاب کا سر کچلنے کیلئے آئینی و جمہوری جدوجہد کی، پاکستان عوامی تحریک نے لانگ مارچ کے ذریعے دنیا کو پُرامن احتجاج کا طریقہ سکھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا اور دنیا کو معلوم ہوا یہ وہ مہذب قوم ہے جو انتہائی پُرامن رہ کر بھی اپنے مطالبات کے حق میں موثر آواز اُٹھا سکتی ہے، اپنے، بیگانے سبھی نے لانگ مارچ کے حسن نظم کا اعتراف کیا۔
خبر کا کوڈ : 909604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش