0
Wednesday 20 Jan 2021 19:52

کراچی میں گرمیوں میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی، کے الیکٹرک کا دعویٰ

کراچی میں گرمیوں میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی، کے الیکٹرک کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لئے خوشخبری ہے کہ آنے والی گرمیوں میں شہر میں لوڈشیڈنگ انتہائی محدود ہوجائے گی۔ نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے میڈیا کو بن قاسم پاور پلانٹ تھری پر کئے جانے والے کاموں پر ویڈیو کے ذریعے بریفنگ دی اور بتایا کہ 2019ء میں اس منصوبے پر کام شروع کیا گیا تھا جو مارچ 2021ء میں مکمل کرلیا جائے گا اور اس سے حصوں میں بجلی فراہم کی جائے گی، پہلے مرحلے میں 450 میگا واٹ گیس سے بجلی فراہم کی جائے گی، دوسرے مرحلے کے لئے گیس ٹربائن کراچی پہنچ چکے ہیں جس کی تنصیب پر کام جاری ہے اور امید ہے کہ سال آخر تک مزید 450 میگاواٹ بجلی ملنا شروع ہوجائے گی۔

مونس علوی کا کہنا تھا کہ سسٹم میں 900 میگاواٹ بجلی آنے سے کے الیکٹرک کی اپنی صلاحیت 3100 میگا واٹ بجلی بنانے کے قابل ہوجائے گی اور نیشنل گرڈ سے بھی 1400 میگاواٹ بجلی ملنا شروع ہو نے والی ہے، اس صورتحال میں کراچی کے شہریوں کے لئے خوشخبری ہے کہ موسم گرما میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی۔ مونس علوی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھی بن قاسم پاور پلانٹ تھری کے لئے اوگرا نے آر ایل این جی کی منظوری دے دی ہے، نیشنل گرڈ سے ہم بجلی لینے پر مجبور ہیں، حکومت کی ہدایت کے پابند ہیں، اس لئے نیشنل گرڈ سے بجلی لی جاتی ہے، ہم 700 میگا واٹ بجلی کا پلانٹ لگانا چاہتے تھے لیکن نیپرا کی جانب سے اجازات نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں غیرقانونی تعمیرات میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے، اگر کوئی گھر بنتا ہے تو اس کو بجلی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 911336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش