0
Saturday 23 Jan 2021 15:16

کراچی، ٹریفک پولیس کی ناقص منصوبہ بندی سے کرکٹ میچ وبال جان

کراچی، ٹریفک پولیس کی ناقص منصوبہ بندی سے کرکٹ میچ وبال جان
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کی وجہ سے سڑکوں کی بندش کے باعث نہ صرف شارع فیصل، راشد منہاس روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے، بلکہ اطراف میں 3 بڑے اسپتالوں تک پہنچنا بھی دشوار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کرکٹ میچ اور ٹیموں کی پریکٹس اور سیکیورٹی کی ریہرسل کے دوران اطراف کی تمام سڑکیں عام ٹریفک کیلئے بند کر دی جاتی ہیں، کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے موقع پر شارع فیصل پر بھی ٹریفک وقتی طور پر روک دیا جاتا ہے، سیکیورٹی پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہیں۔ اسٹیڈٰیم میں میچ کے موقع پر ایک جانب کارساز، دوسری جانب حسن اسکوائر فلائی اوور، تیسری جانب ملینیئم مال اور چوتھی جانب نیو ٹاؤن سے سڑکوں کو بند کر دیا جاتا ہے، یہ سڑکیں بند ہونے سے ان کے متبادل سڑکوں پر ٹریفک کا اژدھام ہوتا ہے۔

کارساز بند ہونے سے اس کے متبادل روٹ شارع فیصل پر ملینئم بند ہونے سے راشد منہاس روڈ، حسن اسکوائر فلائی اوور بند ہونے سے عیسیٰ نگری، لیاقت آباد اور نیوٹاؤن بند ہونے سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کا انتہائی دباؤ آجاتا ہے، جس سے نہ صرف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں، بلکہ شہریوں کو شدید مشکلات اور ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نہ صرف مرکزی سڑکیں بلکہ متصل گلیوں میں بھی ٹریفک جام ہو جاتا ہے، اس سلسلے میں رہائشی افراد کیلئے ٹریفک پولیس نیو ٹاؤن کی طرف سے گھروں تک جانے کا راستہ فراہم کرتی ہے۔ نیو ٹاؤن کی جانب سے ہی اسٹیڈیم روڈ پر آغا خان اسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال جانے کی اجازت دی جاتی ہے، یونیورسٹی روڈ اور راشد منہاس روڈ پر بھی کچھ پوائنٹس سے رہائشیوں کو گزرنے دیا جاتا ہے۔

اسی طرح اسٹیڈیم کے قریب مشرق سینٹر کے سامنے تیسرے بڑے اسپتال این آئی سی وی ڈی تک پہنچنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے، گو کہ دیگر 2 اسپتالوں تک پہنچنا بھی آسان نہیں، لیکن ان اسپتالوں تک ڈاکٹروں، طبی عملے اور اسپتالوں کے ملازمین اپنے شناختی مراحل سمیت کئی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہیں، تب کہیں جاکر اسپتال تک پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اسپتالوں ڈاکٹروں اور طبی عملے کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر ایسے اقدامات ضرور کیے جائیں، جس سے طبی عملے کو مشکلات نہ ہوں اور وہ بروقت اسپتال پہنچ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 911905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش