0
Saturday 30 Jan 2021 19:25

دامن صاف ہے، نیب کو جواب دونگا، سید مہدی شاہ

دامن صاف ہے، نیب کو جواب دونگا، سید مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔  سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ ابھی تک مجھے نیب کی جانب سے کوئی تحریری نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔ نیب کی جانب  سے تحریری نوٹس ملا تو جواب بھی دونگا اور حاضر ہو جائیں گے۔ جب ہمارا دامن  صاف ہے تو ہمیں نہ کوئی گھبراہٹ ہے نہ کوئی پریشانی اور نہ ہی اس قسم کی انتقامی کاروائی کے زریعے ہمیں ڈرایا جا سکتا ہے۔ ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ میں نے کمایا کچھ نہیں بلکہ اپنی وراثتی جائیداد کو کھویا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پی ٹی آئی کی حکومت نے مرکز میں عوام کو  احتساب کی بتی کے پیچھے لگا کر انہیں ایک وقت کی روٹی کے لئے ترسایا ہے اسی طرح اب گلگت بلتستان میں بھی اپنے عوام سے کئے وعدوں سے توجہ ہٹانے اور انہیں مسائل و مشکلات سے دو چار کرنے کے لئے احتساب کے نام پر نیب کے ذریعے یہ کھیل کھیلنا چاہتی ہے۔

سید مہدی شاہ نے کہا کہ ضیا الحق کے دور میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے میرے خاندان کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا، جب ایک ڈکٹیٹر اپنے ظلم و جبر کے ذریعے ہمارا کچھ نہیں بگاڑا سکا ہے تو یہ سلیکیٹڈ حکومت ہمارا کیا بگاڑے گی۔ سید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے عوامی نوعیت کی ترقیاتی سکیموں کو ختم کئے جانے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ الرحمن نے بھی اقتدار سنبھالتے ہی ہمارے دور کے ترقیاتی منصوبوں کو ختم کر دیا تھا جو کہ غیر جمہوری اقدام تھا۔ ترقیاتی سکیموں کے ساتھ سیاست کرکے ختم کرنے کے بجائے ان کو جاری رکھتے ہوئے مزید عوامی مفاد میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے سابق وزیر اعلیٰ کو آمدنی سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کیلئے دو فروری کو طلب کر لیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 913288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش