0
Tuesday 2 Feb 2021 17:02

جماعت اسلامی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

جماعت اسلامی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ نے عمران حکومت کی جانب سے دو ماہ میں مسلسل پانچویں بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت اور اسے ظلم و ناانصافیوں کے مارے عوام پر بجلی گرانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکمران مہنگائی کو ختم اور عام آدمی کو ریلیف دینے والے اپنے وعدووں پر عمل کریں۔ اپنے بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ ایک جانب آئے روز وفاقی وزراء اور وزیراعظم میڈیا میں مہنگائی کی کمی کی نوید سناتے ہیں، تو دوسری جانب بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی جاری ہے، جو موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کا نتیجہ ہے، حکمرانوں کی یہی روش جاری رہی تو بہت جلد عوامی سونامی تبدیلی سرکار کی کشتی کو غرق کرنے کیلئے سڑکوں پر موجود ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تبدیلی کی دعویدار حکمرانوں نے انتخابی مہم کے دوران مہنگائی کے خاتمے، ایک کروڑ نوکریوں، پچاس لاکھ گھر اور قومی خزانے سے لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کے جتنے بھی وعدے اور دعوے کئے، وہ سب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو چکے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پی ٹی آئی حکومت عوام کا تیل نکال رہی ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ ایک جانب تو عمران خان اور اسد عمر سے مہنگائی اور افراط زر میں کمی کی خوشخبریاں مسلسل مل رہی ہیں، تو دوسری جانب آئی ایم ایف کے دباؤ پر وزیراعظم عمران خان عوام کیلئے آئے روز خصوصی طور پر مہنگائی کے نت نئے پیکیج متعارف کروا رہے ہیں، جس کو عوام دوسری سہولتوں کی طرح خوب انجوائے کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ ڈھائی سالہ دور اقتدار میں عوام کو آٹا مافیا، چینی مافیا، پیٹرول مافیا سمیت کرپٹ بیوروکریسی کے حوالے کر دیا ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے موجودہ حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قرضوں میں بے پناہ اضافہ، مہنگائی عروج پر، لیکن حکمران عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں ہیں، جس کے نتائج انتہائی بھیانک ہونگے۔ صوبائی رہنما نے کہا کہ جماعت اسلامی حکمرانوں کی جانب سے عوام سے انتقام لینے کی اس روش کی نہ صرف شدید مذمت کرتی ہے، بلکہ ہم کراچی تا کشمور مہنگائی کیخلاف پُرامن احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کی عوام دشمنی کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 913876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش