0
Thursday 4 Feb 2021 16:51

بھارت جو آگ کشمیریوں کیلئے تیار کر رہا ہے عنقریب اس میں خود جھلس جائیگا، حسن عسکری

بھارت جو آگ کشمیریوں کیلئے تیار کر رہا ہے عنقریب اس میں خود جھلس جائیگا، حسن عسکری
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر حسن عسکری نے کہا ہے کہ کشمیر دورِ حاضر کی کربلا ہے اور تمام حسینیوں کو صدا دے رہی ہے، معصوم مائیں بہنیں روزانہ کی بنیاد پر اپنے سہاگ، باپ، بیٹوں کی قربانی دے رہی ہیں، کشمیر میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، جن کی مثال تاریخِ انسانی میں بہت کم ملتی ہے۔ یوم کشمیر کے حوالے سے منعقد ہونے والے پروگرامات میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی کے صدر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ عالمی برداری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی کشمیر میں ہونے والے مظالم پر مجرمانہ خاموشی ان کے دستور کے اوپر سوالیہ نشان ہے اور اس بات کی واضح دلیل ہے کہ انکا دنیا میں جاری مظالم سے کوئی سروکار نہیں۔ حسن عسکری کا مزید کہنا تھا مسئلہ کشمیر مسئلہ فلسطین کی ایک کڑی ہے، دنیا بھر میں امریکہ اور اس کے آلہ کار بھارت اور اسرائیل کا ایجنڈا مسلمانوں پر ظلم کرنا ہے اور ان کی پشت پناہی امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک کر رہے ہیں۔

صدر آئی ایس او کراچی نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی کشمیری عوام کی امیدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروانے میں ناکام نظر آتی ہے، ہم کشمیری عوام کی ہمت و جرات و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ زندہ و جاوید قوم ہیں، امت مسلمہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، بھارتی فوج نے کشمیر میں ریاستی دہشتگردی جاری رکھی ہوئی ہے، طلبہ کو مظلومین جہاں بالخصوص کشمیری عوام کی صدائے احتجاج کو لوگوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بھارت جو آگ کشمیریوں کے لئے تیار کر رہا ہے، عنقریب اس میں خود جھلس جائے گا اور ان شاء اللہ وادی کشمیر اور اس میں رہنے والے مظلوم مسلمان ایک روز ضرور سرخرو ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 914312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش