0
Friday 12 Feb 2021 22:35

عثمان ڈار کا عہدے سے استعفیٰ منظور

عثمان ڈار کا عہدے سے استعفیٰ منظور
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کو منظور کر لیا گیا۔ عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ این اے-75 کے ضمنی انتخاب کے لیے جاری مہم اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے پیش نظر معاون خصوصی برائے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس وقت پارٹی کو میرے عہدے سے زیادہ انتخابی مہم میں میری ضرورت ہے، فیصلے سے قبل معاملے پر وزیراعظم کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔
 
خیال رہے کہ این اے-75 سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کے انتقال سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب 19 فروری کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضمنی انتخابات کے شیڈول کے مطابق این اے 45 کرم ون اور این اے 75 سیالکوٹ فور، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51، گجرانوالہ ون اور کے پی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ تھری میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔ کیبینٹ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے محمد عثمان ڈار کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق عثمان ڈار کی استعفے کے فیصلے پر فوری عمل درآمد ہوگا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اکتوبر 2018ء میں عثمان ڈار کو امور نوجوانان کا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔ عثمان ڈار نے عہدہ ملنے کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے جو اعتماد ظاہر کیا ہے، اس پر پورا اتروں گا۔ پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔
خبر کا کوڈ : 915897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش