0
Wednesday 10 Mar 2021 21:08

پاکستان عوامی تحریک کا 25 مئی کو یوم تاسیس پر راولپنڈی میں جلسے کا اعلان

پاکستان عوامی تحریک کا 25 مئی کو یوم تاسیس پر راولپنڈی میں جلسے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سیاست سے ریٹائرمنٹ کے بعد تشکیل دی گئی پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے کنونیئر خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوا۔ کور کمیٹی قائد تحریک منہاج القرآن کے سیاسی اختیارات استعمال کرے گی اور یہ عوامی تحریک کا سب سے بڑا فیصلہ ساز فورم ہو گا۔ کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عوامی تحریک کے قائدین اور کارکنان کیخلاف نواز شہباز دور حکومت میں درج ہونیوالے انتقامی مقدمات فی الفور واپس لے۔ کور کمیٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک 25 مئی کو یوم تاسیس کے موقع پر لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ منعقد کرے گی اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

کور کمیٹی کے اجلاس کے دوسرے سیشن میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں کور کمیٹی کے ممبران کا حتمی اعلان کیا گیا جن میں قاضی زاہد حسین، بشارت جسپال، میاں زاہد اسلام، میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، عارف چودھری،،قاضی شفیق، میاں کاشف محمود، نور احمد سہو، توقیر اعوان، راؤ عارف رضوی، چوہدری سلطان، راؤ کامران، اعجاز سدوزئی، سید ظفر اقبال اور ابرار رضا ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نئی کور کمیٹی کے ممبران کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ عوامی تحریک ایک نظریہ کے تحت سیاست کر رہی ہے اور وہ نظریہ فرسودہ نظام کی تبدیلی ہے۔ کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حوالے سے کوئی سنجیدہ پیشرفت نہیں ہوئی۔ مظلوم جس طرح کل انصاف کیلئے دربدر تھے اسی طرح آج دربدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خیال تنظیموں و سول سوسائٹی سے ملکر نظام بدلو مہم چلائیں گے۔ یہ نظام رہا تو خدانخواستہ بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔

کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک جموں کشمیر آزاد کشمیر میں عام انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مہنگائی میں روز بروز اضافہ بالخصوص مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت قیمتیں کنٹرول کرے۔ اجلاس میں چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیاں یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ عارف چوہدری اور قاضی شفیق کو کور کمیٹی  ڈپٹی کنونیئر مقرر کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 920753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش