0
Monday 12 Apr 2021 22:14

نوجوان بندوق کا راستہ چھوڑ کر حقوق کے حصول کیلئے جمہوری طریقہ اپنائیں، محبوبہ مفتی

نوجوان بندوق کا راستہ چھوڑ کر حقوق کے حصول کیلئے جمہوری طریقہ اپنائیں، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے کشمیر کے نوجوانوں سے بندوق چھوڑ کر جمہوری طریقے کو اختیار کرکے اپنے حقوق کے لئے لڑنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے لوگ بندوق اٹھائیں، تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ یہ دہشتگرد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ ابھی بھی صحیح و سالم ہے اور اس کا بڑا مقصد دفعہ 370 کی بحالی کے لئے لڑنا ہے۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاید کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے نوجوان بندوق اٹھائیں، تاکہ وہ دنیا کو بتا سکیں کہ یہ دہشت گرد ہیں اور ان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بار بار نوجوانوں سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ گولیوں سے اپنی جان نہ گنوائیں بلکہ جمہوری طریقے سے بات کریں، آج نہیں، کل نہیں لیکن آخرکار دونوں ہندوستان اور پاکستان کو بات کرکے جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل نکالنا پڑے گا۔ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ پی اے جی ڈی کا مقصد دفعہ 370 بحال کرنے کے لئے کوشش کرنا ہے، فاروق عبداللہ کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے میٹنگ نہیں ہو رہی ہے، پی اے جی ڈی ابھی صحیح و سالم ہے، کیونکہ لوگ اس کے ساتھ ہیں۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت چاہتی ہے کنٹرول زیادہ سے زیادہ وقت تک ان کے ہاتھوں میں ہی رہے، اگر یہاں انتخابات ہوئے تو کنٹرول ان کے ہاتھوں میں نہیں رہے گا اور ان کی مداخلت بند ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 926792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش