0
Tuesday 27 Apr 2021 21:47

کشمیری سیاسی قیدیوں کیساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے، حریت کانفرنس (م)

کشمیری سیاسی قیدیوں کیساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے، حریت کانفرنس (م)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) نے بھارت کی مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں برسہا برس سے مقید کشمیری سیاسی نظر بندوں کی صحت و سلامتی پر موصولہ اطلاعات کے تناظر میں شدید فکر و تشویش کا اظہار کیا۔ حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کووڈ  19 کی تازہ قہر انگیز لہر  کے سبب ان کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ فیملی ذرائع کے مطابق جیلوں اور قیدخانوں میں سہولیات کے فقدان کے سبب بیشتر قیدیوں کی صحت متاثر ہوگئی ہے۔ چنانچہ تہاڑ جیل میں مقید ایڈووکیٹ شاہد الاسلام جو خاندانی ذرائع کے مطابق سخت بیمار ہے اور شدید بخار کے ساتھ ان میں کووڈ 19 کی علامات پائی جارہی ہیں لیکن افسوس ہے کہ حکام نہ تو موصوف کا ٹیسٹ کروا رہے ہیں اور نہ ہی انہیں ہسپتال بھیجا جارہا ہے۔

بیان میں حریت کانفرنس (م) نے کہا ہے کہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے جو حد درجہ تشویشناک ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی محافظ تنظیموں کی اس ضمن میں مسلسل خاموشی  کے سبب حکام قیدیوں کے خلاف اس طرح کی بے حسی اور غیر انسانی رویے کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اسی طرح کی بے رخی کا مظاہرہ تہاڑ جیل میں مقید محمد ایاز اکبر کے ساتھ بھی کیا جارہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں سے مہلک مرض کینسر میں مبتلا اپنی اہلیہ کو دیکھنے کے لئے بار بار اپیلوں کے باوجود انہیں ایک دن کے لئے بھی رہا نہیں کیا گیا یہاں تک کہ گزشتہ دنوں ان کی اہلیہ نے زندگی کی آخری سانس لی۔

حریت کانفرنس (م) کے بیان میں کہا گیا کہ یہ بڑا المیہ ہے کہ جموں و کشمیر کے بیشتر سیاسی رہنماؤں، نوجوانوں، سول سوسائٹی کے معزز ارکان  یہاں تک کہ کئی خاتون سیاسی رہنماؤں کو برسہا برس  سے ان پر بغیر مقدمہ چلائے  اور عدالت میں پیش کئے بغیر قید و بند کی زندگی گزارنے پر مجبور کئے گئے ہیں۔ بیان میں سبھی کشمیری نظربندوں کو فوری طور رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 929559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش