0
Tuesday 8 Jun 2021 08:03

ٹرین حادثہ، پاکستان سنی تحریک کا وزیر ریلوے کے استعفیٰ کا مطالبہ

ٹرین حادثہ، پاکستان سنی تحریک کا وزیر ریلوے کے استعفیٰ کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت ڈہرکی ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان کرے، وزیر ریلوے ٹرین حادثہ پر اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں، ٹرین حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ کو پبلک کیا جائے اور ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے، ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے ٹکرانے کے حقائق اور ذمہ داران کو فوری گرفتار کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثہ میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ہر ٹرین حادثہ پر حکومت تحقیقات کا حکم جاری کرتی ہے، مگر آج تک ٹرین حادثہ کے ذمہ داران کو بے نقاب نہیں کیا گیا، چند ماہ بعد ہر حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ کو داخل دفتر کر دیا جاتا ہے، حکومت بتائے اتنے بڑے حادثے پر بھی ریسکیو کا کام تاخیری کا شکار کیوں ہوا، کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کیلئے ریسکیو کا مکمل نظام ریلوے کے پاس کیوں نہیں ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ وزیر ریلوے کو پتہ تھا کہ سکھر ڈویژن میں 13 مقامات پر ٹریک کی حالت ٹھیک نہیں ہے تو پھر اسے درست کیوں نہیں کرایا گیا، اخبارات میں شائع ہونیوالی خبر میں ڈی ایس سکھر نے واضح کہا ہے کہ سکھر ڈویژن کے 13 مقامات کے ٹریک کی حالت خراب ہے 13 مقامات میں جائے حادثہ کا مقام بھی شامل ہے، اس کا تحریری لیٹر بھی لکھا، مگر اسے ٹھیک نہیں کیا گیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمران ریلوے کو نظام کو بہتر بنانے کی بجائے مزید بوسیدہ کر رہے ہیں، سکھر ڈویژن کے ٹریک کو بہتر کرلیا جاتا تو شاید یہ حادثہ رونما نہیں ہوتا، ٹریک کی فوری مرمت نہ کروانے والوں میں جتنے بھی ریلوے افسران شامل ہیں، انہیں فوری نوکریوں سے برطرف اور قانون کے مطابق سزا دیجائے، وزیر ریلوے ڈہرکی ٹرین حادثہ پر اپنی نااہلی تسلیم کرتے ہوئے اخلاقی طور پر استعفیٰ دیں، حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹرین کی پٹریوں اور ٹریک کو بہتر بنائے، ریلوے کے نظام کو جدید تقاضوں کے ہم آہنگ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 936872
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش