0
Thursday 24 Jun 2021 06:01

کراچی میں رہنے والوں پر سخت وقت ہے، سندھ حکومت کا رویہ سوتیلی ماں کا ہے، کنور نوید جمیل

کراچی میں رہنے والوں پر سخت وقت ہے، سندھ حکومت کا رویہ سوتیلی ماں کا ہے، کنور نوید جمیل
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین اپنے حق کے لئے احتجاج کر رہے ہیں، کراچی اور کراچی میں رہنے والوں پر بڑا سخت وقت ہے، موجودہ سندھ حکومت کا کراچی سے رویہ سوتیلی ماں کا ہے، کراچی کو اور سندھ کے شہری علاقوں کو کوئی ایسی تکلیف نہیں جو سندھ حکومت نے نہ دی ہو اور ان تمام مظالم کے بعد انتقام لینے کے لئے ملازمین کو تنگ کرنا شروع کردیا ہے، تمام ڈی ایم سیز کی مینیجمنٹ کو تبدیل کرکے باہر سے لوگ تعینات کئے جارہے ہیں، اس حکومت کو تعیناتی کیلئے کوئی مقامی افسر نہیں ملا، بلدیاتی حکومت میں ایس یو جی قانون ختم کرکے اندرون سندھ کے راشی اور کرپٹ افسران کو پوسٹ کرنا شروع کردیا ہے اور ان متعصب افسران نے رشوت خوری اور تعصب کا بازار گرم کر رکھا ہے، جو پورے پاکستان میں نہیں ہورہا وہ سندھ میں ہورہا ہے، موجودہ کورونا کی وباء نے ان راشی افسران کی عید کر دی ہے، ایکسپو سینٹر میں سندھ حکومت کے راشی اور کرپٹ افسران ویکسین کو نجی ہسپتالوں کو فروخت کر رہے ہیں، ہیلتھ کا یہ عملہ پیسے لیکر ویکسینیشن کے سرٹیفیکیٹ بانٹ رہا ہے۔

کنور نوید جمیل نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ملازمین کے ساتھ زیادتیاں نہیں ہونے دیں گے، ان زیادتیوں کے خلاف ہم ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم سندھ حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ سندھیوں اور مہاجروں کے درمیان اختلافات کروانے سے باز رہیں، ہم سندھی بھائیوں کے خلاف نہیں ہیں، آج سندھ اسمبلی میں بھی کہا کہ آپکے ظلم اور ناانصافیوں پر اب ہماری بس ہوگئی ہے، بلدیہ میں موجود سندھ حکومت کے افسران سے بھی کہوں گا کہ کراچی کے لوگوں کے مفاد میں کام کریں، اگر افسران نے اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا تو ایم کیو ایم پاکستان ایک بڑے احتجاج پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تو تمام معاملات سندھ حکومت کے ہاتھ میں ہیں، اب سڑکیں کیوں نہیں بنائی جارہیں، اب گلی گلی میں سیوریج کا پانی کیوں جمع ہے؟، میں ڈی ایم سی سینٹرل کے ملازمین کو یقین دلاتا ہوں کہ ایم کیو ایم پاکستان آپکے ساتھ کھڑی ہے۔
خبر کا کوڈ : 939743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش