0
Friday 25 Jun 2021 20:06

جنرل سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 8 امریکی جاسوسوں کے نام فاش، حقیقت بتانے پر امریکی مترجم کو 23 سال قید

جنرل سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 8 امریکی جاسوسوں کے نام فاش، حقیقت بتانے پر امریکی مترجم کو 23 سال قید
اسلام ٹائمز۔ عالمی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ایک امریکی عدالت نے جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث امریکی جاسوسوں کے نام فاش کرنے کے جرم میں ملک سے باہر امریکی فوج کے ساتھ کام کرنے والی ایک 63 سالہ مترجم خاتون کو 23 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ امریکی عدلیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست مینیسوٹا سے تعلق رکھنے والی 63 سالہ مریم طہ تھامپسن (Mariam Taha Thompson) پر الزام تھا کہ اس نے امریکی ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس و رفقاء سمیت شہید ہونے والے ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے متعدد امریکی جاسوسوں کے نام حزب اللہ لبنان کے لئے فاش کئے ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریم تھامپسن نے امریکی اٹارنی جنرل کے سامنے پیش ہو کر اپنے اوپر عائد تمام تحریر شدہ الزامات پر دستخط کر کے اعتراف کر لیا ہے۔ امریکی عدالت کا کہنا ہے کہ مریم تھامپسن نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے خفیہ فوجی اطلاعات ایک لبنانی شخص کو یہ جانتے ہوئے پہنچائی ہیں کہ وہ ان اطلاعات کو لبنانی (مزاحمتی تحریک) حزب اللہ کے سپرد کر دے گا جبکہ امریکہ، قبل ازیں حزب اللہ کو دہشتگرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔

امریکی عدلیہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ڈپٹی اٹارنی جنرل جان ڈمرز کا کہنا تھا کہ مریم تھامپسن کے خلاف سنائی جانے والی سزا، اس کے جرم کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے کیونکہ اس نے نہ صرف قومی اعتماد کو توڑا ہے بلکہ امریکی فوجی ذرائع کو خطرے میں ڈال کر اپنے ساتھی فوجیوں کے ساتھ خیانت بھی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مریم تھامپسن نے اپنے لبنانی دوست کی فرمائش پر امریکی فائلوں کو چھانٹ کر نہ صرف کم از کم 8 امریکی جاسوسوں کے نام اسے فراہم کئے ہیں بلکہ اسے امریکی فوج کی متعدد تکنیکوں سے بھی باخبر کیا ہے جس پر امریکی ایف بی آئی نے اسے 27 فروری 2020ء کے روز گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد اس نے آغاز میں تو ان الزامات کی تردید کی لیکن آخرکار اعتراف کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ عراق میں غیر قانونی طور پر قابض امریکی فوج نے 3 جنوری 2020ء کے روز ایک سفارتی مشن پر بغداد پہنچنے والے ایرانی سپاہ قدس کے اس وقت کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور رفقاء سمیت اپنی ایک ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں شہید کر دیا تھا جس کے جواب میں ایران کی جانب سے نہ صرف عراق میں سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے عین الاسد کو 16 بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ نشانہ بنایا گیا تھا بلکہ یہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ اس ٹارگٹ کلنگ کا حکم صادر کرنے والے اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہر ایک شخص کو کیفرکردار تک ضرور پہنچایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 940029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش