0
Monday 26 Jul 2021 22:57

ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی بری طرح ناکام ہوئی ہے، رابرٹ مالے

ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی بری طرح ناکام ہوئی ہے، رابرٹ مالے
اسلام ٹائمز۔ ایران کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے اور ایرانی جوہری معاہدے میں شریک امریکی ٹیم کے سربراہ رابرٹ مالے (Robert Malley) نے امریکی چینل سی این بی سی کے مہدی حسن شو کے ساتھ گفتگو میں اعتراف کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ میزبان برطانوی شہری مہدی حسن کی جانب سے آغاز میں جوہری معاہدے کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رابرٹ مالے نے ایران کے خلاف امریکی ظالمانہ پابندیوں اور غیر انسانی دباؤ کی ناکامی کا اعتراف کیا اور امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے میں واپسی کے ارادے پر مبنی اپنا دعوی دہراتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ناجائز طور پر مطالبہ کیا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کرے۔

رابرٹ مالے نے کہا کہ دیکھیں ہمیں ایک قسم کے حالات وراثت میں ملے ہیں تاہم صدر جو بائیڈن نے اس صورتحال کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ اس صورتحال میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف روا رکھی جانے والی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی بری طرح ناکام ہوئی ہے جس نے مزید برے طریقے سے امریکی مفاد کو نقصان پہنچایا ہے۔ ایران کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایران نے نہ صرف اپنے جوہری پروگرام کو تیز کر دیا ہے بلکہ اس نے خطے میں "عدم استحکام" سے متعلق اپنے اقدامات بھی شدید کر دیئے ہیں جبکہ یہ سب کچھ زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی پر عملدرآمد کے بعد سے ہی شروع ہوا ہے درحالیکہ اس معاہدے کو انہی مسائل سے نمٹنا تھا۔ امریکی سفارتکار کا کہنا تھا کہ صدر نے ہمیں حکم دے رکھا ہے کہ اگر ہم کر سکتے ہوں تو ایرانیوں کے ساتھ ملاقات کریں یا جیسا کہ وہ خود چاہتے تھے؛ ان کے ساتھ بالواسطہ طور پر گفتگو کی جائے جبکہ ہم واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ اگر وہ بھی اس کام کی انجام دہی پر تیار ہوں تو ہم بھی جوہری معاہدے میں واپسی کو تیار ہیں۔ رابرٹ مالے نے ایک مرتبہ پھر اپنے بے بنیاد مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ دوسرے الفاظ میں یہ کہ ہم تمام پابندیاں اٹھانے کو تیار ہیں بشرطیکہ وہ معاہدے میں واپس لوٹ آئیں اور اپنی جوہری ذمہ داریوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے سال 2016ء میں عائد کی جانے والی تمام محدودیتوں کی پابندی شروع کر دیں۔
خبر کا کوڈ : 945253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش