0
Monday 2 Aug 2021 18:36

جماعت اسلامی کی میڈیا ورکشاپ، اسلامی اقدار کی ترویج کا عزم

جماعت اسلامی کی میڈیا ورکشاپ، اسلامی اقدار کی ترویج کا عزم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ موبائل فون اکیسویں صدی کا سب سے بڑا ہتھیار، سوشل میڈیا نے انسانی معاشرہ میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان سوشل میڈیا کے ذریعے دعوت کا پیغام عام کریں۔ اسلامی انقلاب کے داعی ہونے کے ناطے ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ قرآن و سنت کی تعلیمات عام کریں اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے دن رات محنت کریں۔ تحریک سے وابستہ تمام افراد دوسروں پر تنقید کی بجائے اپنے پیغام پر فوکس کریں۔ بہتری اسی صورت آئے گی، جب ہم معاشرے میں مثبت اقدار کو فروغ دیں گے، بلاوجہ کسی سے الجھنے کی ضرورت نہیں۔ ہمارا نصب العین واضح ہے، ہمیں اس پر فخر کرنا چاہیئے۔ وہ مرکزی میڈیا ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ناظم سوشل میڈیا جماعت اسلامی شمس الدین امجد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی شعبہ نشرواشاعت کے زیر اہتمام تین روزہ ورکشاپ کے آخری روز ”میٹھے بول کا جادو اور اس کے شخصیت پر اثرات“ اور ”سائبر کرائم“ کے موضوعات پر لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔ خبر نویسی کے مقابلہ میں پوزیشنز حاصل کرنے والے افراد میں انعامات اور ورکشاپ کے تمام شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔  ڈاکٹر معراج نے ان امور پر تفصیلی گفتگو کی، جن کو اپنا کر جماعت اسلامی کے کارکنان سوشل میڈیا کے ذریعے تعمیری کام کرسکتے ہیں اور سید مودودیؒ کی فکر کو معاشرے میں عام کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے شرکائے ورکشاپ پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں روابط کو بڑھائیں اور کم از کم سو افراد کو اپنا ہم فکر بنا کر دعوت و تبلیغ کے پیغام کو پھیلائیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری سیاسی جدوجہد کا مقصد پاکستان کو عظیم فلاحی مملکت بنانا اور انسانوں کی دنیا و آخرت میں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا اپیس کے ہوتے ہوئے ہر شخص کے پاس ابلاغ کا ایک موثر ہتھیار ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ہتھیار کو تخریب کی بجائے تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 946426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش