0
Monday 9 Aug 2021 05:47

سندھ میں‌ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان، نئے کاروباری اوقاتِ کار بھی جاری

سندھ میں‌ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان، نئے کاروباری اوقاتِ کار بھی جاری
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں خاتمے کا نوٹی فکیشن جاری کرکے کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے 31 اگست تک کے لئے نیا حکم نامہ جاری کیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبے بھر میں آج سے رات 8 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی، تمام بازار، تجارتی مراکز جمعے اور اتوار کو بند رہیں گے۔ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی ہوگی جبکہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں رات دس بجے تک کھلی فضا میں کھانے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح شادیوں پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے کھلے مقام پر رات دس بجے تک تقریب منعقد کرنے کی اجازت ہوگی، مزارات اور سینما گھر مکمل بند رہیں گے، کراٹے، باکسنگ اور کبڈی جیسے کھیلوں کے ایونٹس منعقد کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ انڈور جم میں صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔ سندھ حکومت نے عوامی ٹرانسپورٹ پر عائد ہونے والی پابندی بھی ختم کردی۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریسٹورنٹس اور ہوٹل سے ہفتے میں ساتوں دن چوبیس گھنٹے ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی، ریسٹورانٹس کو صرف آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات دس بجے تک اجازت ہوگی، جس میں 300 افراد شرکت کرسکیں گے جبکہ ان ڈور ڈائنگ پر مکمل پابندی ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق دودھ، ادویات، پیٹرول پمپ، سبزی گوشت کی دکانوں پر اوقات کار کی پابندی نہیں ہوگی، شادی بیاہ کی انڈور تقریبات پر پابندی ہوگی جبکہ کھلی فضاء میں منعقد ہونے والی تقریبات میں ویکسین شدہ افراد ہی شرکت کرسکیں گے۔ سندھ حکومت کے مطابق تمام امیوزمنٹ پارک، واٹر پارک اور سوئمنگ پولز  بند رہیں گے، دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی اجازت ہوگی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹرین ایس او پیز کے ساتھ پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ آپریشن کی اجازت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 947470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش