0
Wednesday 31 Aug 2011 17:06

عوام عید پر محرومین کو یاد رکھیں، کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کریں، نواز شریف

عوام عید پر محرومین کو یاد رکھیں، کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کریں، نواز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر عوام کے نام مبارک باد کے پیغام میں کہا ہے کہ سال کے باقی گیارہ مہینوں میں بھی رمضان المبارک کے جذبہ کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ مدینہ منورہ سے اپنے پیغام میں محمد نواز شریف نے کہا کہ ماہ صیام ہمیں بے وسیلہ اور محروم طبقات کے مسائل کی یاد دہانی اور ان کے حل کی ضرورت کا احساس دلاتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اور یہاں کے عوام لوڈشیڈنگ، کرپشن، بےروزگاری، گرانی اور امن وامان کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) ان مسائل کے حل کے لیے رمضان المبارک جیسے عزم اور استقامت کے جذبے سے کام لے گی اور پاکستان کی خالق جماعت کی حیثیت سے عوام کو پرامن اور خوشحال زندگی دینے اور وطن عزیز کو استحکام اور حقیقی آزادی و خودمختاری سے ہمکنار کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ سابق وزیر اعظم نے عوام اور خصوصاً مسلم لیگی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عید کے پرمسرت موقع پر اپنے محروم بھائیوں کو بھی یاد رکھیں اور کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر کے محکوم انسانوں کی آزادی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کریں۔ نواز شریف نے کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں امن کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالٰی اہل پاکستان کو اگلی عید کہیں بہتر حالات میں منانے کی توفیق عطا فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 95677
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش