0
Wednesday 31 Aug 2011 19:19

لاہور میں عیدالفطر کے بڑے اجتماعات، ملکی سلامتی، کشمیر و فلسطین کی آزادی کی دعائیں

لاہور میں عیدالفطر کے بڑے اجتماعات، ملکی سلامتی، کشمیر و فلسطین کی آزادی کی دعائیں
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطبہ عید میں مسلمانوں میں اتفاق و اتحاد پر زور دیتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا کی۔ کراچی میں نشانہ وار قتل اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھی دعا کی گئی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے داتا دربار مسجد میں نماز عید ادا کی۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے اپنی نجی رہائش گاہ رائیونڈ میں نماز عید ادا کی اور نمازیوں سے عید ملے۔
مینار پاکستان، ریس کورس پارک، گلشن اقبال، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامع مسجد منصورہ، منہاج القرآن، باغ جناح، یونیورسٹی گراونڈ اور دیگر علاقوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ جامعتہ المنتظر میں آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، جامعہ عروة الوثقٰی میں علامہ جواد نقوی، جامعہ منہاج الحسین میں مولانا محمد حسین اکبر، ناصر باغ میں مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، بیرون موچی گیٹ میں مولانا حیدر علی موسوی نے نماز عید کی امامت کروائی۔ خطبات عید میں علماء نے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے قومی سطح پر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ تمام مسالک کے رہنما مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔
جامع مسجد منصورہ میں نماز عید کی امامت امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کی۔ انہوں نے خطبہ عید میں مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے استحکام کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی پریس کانفرنس نے سپریم کورٹ کے لئے آسانی پیدا کر دی ہے۔ قوم آزاد عدلیہ سے امید رکھتی ہے کہ وہ سابق وزیر داخلہ سندھ کو ضرور نشانہ وار قتل پر معاونت کے لئے طلب کرے گی۔ عید کے موقع پر عیدگاہوں پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔
مصنف :
خبر کا کوڈ : 95738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش