0
Wednesday 31 Aug 2011 18:15

صدر اور وزیراعظم کی عید کے موقع پر عوام کو مبارکباد

صدر اور وزیراعظم کی عید کے موقع پر عوام کو مبارکباد
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں اخوت و محبت، برداشت، صبر و تحمل و رواداری کو فروغ دینا ہو گا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں عیدالفطر کا خوبصورت تحفہ عطا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی اس جمہوری حکومت کی پہلے دن ہی سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچائیں۔ اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کی حکومت نے بہت سے آئینی اور اصلاحاتی اقدامات کئے ہیں جن میں سے ایک اس ماہ رمضان میں فاٹا کے حوالے سے تاریخی اصلاحات کا نفاذ ہے، جو فاٹا کے عوام کے لئے اس عیدالفطر کا بہترین تحفہ ہے جس کی بدولت اس علاقے کے عوام کو سیاسی معاشی اور دیگر شعبوں میں ترقی کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔ صدر نے کہا کہ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ فرقہ پرستی، تعصب پرستی اور دہشتگردی اسلامی تعلیمات کے منافی عمل ہیں۔ ہمیں اخوت و محبت، برداشت صبروتحمل اور رواداری کو فروغ دینا ہو گا۔ عید کی خوشیوں میں گزشتہ برس کے سیلاب اور سندھ میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے اور آگے بڑھ کر ان کی بھرپور مدد کرنی چاہئے، تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ عیدالفطر ہمیں بھائی چارے، ایثار اور صبروتحمل کا درس دیتی ہے اس موقع پر ہمیں اتحاد، یکجہتی اور وطن عزیز کی سلامتی کا عہد کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس خوشی کے موقع پر اپنے ان بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے جو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھے، ان کے خاندانوں کےساتھ بھی ہمیں ہمدردی کا اظہار کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دہشتگرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کر رکھا ہے، ہمارا مذہب امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کراچی کے عوام سے اپیل کرتا ہوں وہ صوبائی حکومت کی جانب سے شہر میں امن کے قیام کے لئے کی جانے والی کوششوں میں تعاون کریں کیونکہ عوامی تعاون سے ہی صورتحال کو معمول پر لانے کے علاوہ امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عیدالفطر کے اس پرمسرت موقع پر یہ عہد کرنا ہو گا کہ ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں گے اور اپنے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے اور بانی پاکستان قائداعظم کے ایمان اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 95735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش