0
Sunday 10 Oct 2021 15:40

لاہور، منہاج القرآن وومن لیگ کے زیراہتمام بچوں کی مشعل بردار میلاد ریلی

لاہور، منہاج القرآن وومن لیگ کے زیراہتمام بچوں کی مشعل بردار میلاد ریلی
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ایگرز کے زیراہتمام میلادالنبی(ص) کے سلسلے میں  بچوں کی مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ بچوں نے ہاتھوں میں موم بتیاں پکڑ کر آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا کے نعرے لگائے۔ مشعل بردار ریلی میں شریک بچوں نے خوبصورت جھلمل کرتے رنگوں سے لکھے اسم محمدﷺوالے پلے کارڈ اور روشن برقی مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔ ریلی جامع شیخ الاسلام سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے گھر تک نکالی گئی اور چئیرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بچوں کی مشعل بردار ریلی کا استقبال کیا اورریلی میں شریک بچوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اورریلی میں شریک بچوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔
 
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایگرز کی ٹیم کو بچوں کو استقبال ربیع الاول ریلی کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی مشعل بردار ریلی اور محفل میلاد النبی ﷺ کے انعقاد کا مقصد انہیں کم عمری میں ہی سیرت طیبہﷺ کے گوشوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کو اللہ تعالیٰ نے میلاد النبیﷺ کی خوشیاں منانے اور گھر، گھر محافل میلاد کے انعقاد کی توفیق بخشی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچوں، نوجوانوں، مرد و خواتین کے دلوں کو عشق مصطفی ﷺکی شمعوں سے روشن کیا ہے۔ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں نبی آخر الزماں ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی جو وجہء تخلیق کائنات ہیں۔
 
ریلی میں شریک بچوں نے درود وسلام پڑھا تو در و دیوار رنگ و نور میں نہا گئے۔ ریلی میں شریک ننھی بچیاں پھولوں کے گجرے پہن کر، درود وسلام پڑھ کر اور آمد مصطفی مرحبا، مرحبا کے نعرے لگا کر محبت رسول ﷺ کا اظہار کر رہی تھیں۔ ریلی میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر ڈاکٹر فرح ناز، ڈائریکٹر ایگرز ایمن یوسف، ام حبیبہ اسماعیل، کلثوم قمر، سعدیہ احمد، رافعہ عروج، بسمہ خالد اور بسمہ امجد شریک تھیں۔ منہا ج القرآن ویمن لیگ کی رہنماوں نے بچوں کو تحائف دئیے اور شاندار استقبال ربیع الاول ریلی کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
 
خبر کا کوڈ : 958023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش