0
Wednesday 17 Nov 2021 16:42

بھارت کا کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، شاہ محمود قریشی

بھارت کا کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے کرتار پور راہداری کھولنے کے فیصلے کو خوش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کرے۔ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری کا کھلنا ایک اچھی پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے پیش نظر صرف 3 ماہ کے لیے کرتار پور راہداری کو بند کیا تھا لیکن ہندوستان نے گذشتہ 20 ماہ سے کرتار پور راہداری پر قدغن لگا رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کی جانب سے بی جے پی کی حکومت پر راہداری کھولنے کیلئے بے پناہ دباؤ تھا، بالآخر ہندوستان نے ان کے مطالبے کو تسلیم کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج سے سکھ یاتری اس راہداری سے اپنے مقدس مقامات کی زیارت کیلئے آئیں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے یہ راستہ کھولا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی اقلیتیں ہیں، انہیں اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بھی اپنے رویئے پر نظرثانی کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کرے کہ لوگ جمعہ اور عید کی نمازوں کی ادائیگی کیلئے مساجد میں جاسکیں۔
خبر کا کوڈ : 964037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش