0
Thursday 9 Dec 2021 19:33

کشمیری عوام کیساتھ انصاف کیا جائے، ڈاکٹر فاروق عبدﷲ

کشمیری  عوام کیساتھ انصاف کیا جائے، ڈاکٹر فاروق عبدﷲ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبدﷲ کا کہنا ہے کہ بھارتی آئین ہر کسی کو آزادی اور حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم اپنے حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا جموں و کشمیر کے عوام سے چھینے گئے حقوق کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے شیر کشمیر بھون میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس وقت افسر شاہی مسلط کی گئی ہے جس وجہ سے لوگوں کے مسائل حل ہی نہیں ہو رہے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی ریاست کا حق نہیں مانگتے، ہم وہ مانگتے ہیں جو ہم سے جبری طورپر چھینا گیا۔ ڈاکٹر فاروق عبدﷲ نے کہا کہ دفعہ 370 کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس ہر محاز پر اپنی آواز بلند کرتے رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس قانون کی واپسی کو لے کر پُرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

ڈاکٹر فاروق عبدﷲ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں آتش فشاں تیار ہو رہا ہے، اس سے پہلے یہ آتش فشاں ہم سب کو لے ڈوبے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہر کسی کو آزادی اور حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم بھی اپنے حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔ این سی کے سرپرست نے کہا کہ بھارتی حکومت کو ہر طبقہ کے لوگوں کے ساتھ انصاف کرنا چاہیئے اور تمام پسماندہ اور پچھڑے ہوئے طبقوں کی زندگی کا معیار بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ روزگار فراہم کرنے کی راہیں مسدود کر دی گئی ہں اور آج یہاں کی انتظامیہ ہریانہ، پنجاب اور دیگر ریاستوں سے لوگوں کو لا کر نوکریاں فراہم کر رہی ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت نے کل پارلیمنٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ میڈیا کو روکنے کیلئے کوئی بھی آرڈر نہیں نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کی یہ پینترے بازی زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن ضرورر ایسا آئے گا جب آپ کے یہ تمام ایسے آرڈر سامنے آجائیں گے اور اُس وقت آپ کو اپنے ان کارناموں کا جواب دینا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 967687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش