0
Sunday 2 Jan 2022 21:38

بلتستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے چار میڈیکل کیمپس قائم، امدادی سرگرمیاں جاری

بلتستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے چار میڈیکل کیمپس قائم، امدادی سرگرمیاں جاری
اسلام ٹائمز۔ حکومت گلگت بلتستان کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ سکردو کی جانب سے  زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں اور بحالی کا کام مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج کی مدد سے روندو اور تلو سمیت بلتستان کے دیگر علاقوں میں چار میڈیکل کیمپس قائم کر دیئے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کو مفت طبی امداد اور ضروری ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں زلزلے کے متاثرین میں رہائشی خیمے بھی تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے، جن افراد کے گھر متاثر ہوئے ہیں ان کے لیے عارضی پناہ گاہوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔ متاثرین میں اشیائے خورد و نوش اور گرم کپڑے بھی مہیا کئے جا رہے ہیں۔ استک کی رابطہ سڑک کی بحالی کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔ بلتستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں 21 میں سے 14 سڑکیں جزوی طور پر بحال کی جا چکی ہیں تاکہ آمدورفت کو ممکن بنایا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاور ہاؤسز کی بحالی کا کام بھی جاری ہے، اس سلسلے میں گنجی اور یلبو میں بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال کی جا چکی ہے اور ان علاقوں میں واٹر سپلائی کا نظام بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کے سبب پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کی دو خصوصی پروازوں کے ذریعے ان مقامات تک سی ایم ایچ سے ڈاکٹرز اور ادویات سمیت اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سکردو نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی ڈی ایم اے کے ہمراہ سب ڈویژن روندو کا خصوصی دورہ کر کے وہاں امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لے لیا ہے اور جہاں جہاں ریلیف کے کاموں کی ضرورت ہے وہاں فوری طور پر متعلقہ زمہ داروں کو ریلیف پہنچانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سکردو حافظ کریم داد چغتائی روانہ کی بنیادوں پر بحالی کے کاموں کا جائزہ لے رہیں۔
خبر کا کوڈ : 971679
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش