0
Friday 14 Aug 2009 10:10

پاکستان کیخلاف مذموم عزائم خاک میں ملا دینگے،قوم آج پر تشدد سوچ کو شکست دینے کا عہد کرے،صدر وزیراعظم و دیگر سیاسی رہنماوں کے پیغامات

پاکستان کیخلاف مذموم عزائم خاک میں ملا دینگے،قوم آج پر تشدد سوچ کو شکست دینے کا عہد کرے،صدر وزیراعظم و دیگر سیاسی رہنماوں کے پیغامات
اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی63 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم جمہوری،آئین کی پاسداری اور انسانی حقوق کی بالا دستی والا پاکستان چاہتے تھے ۔ پاکستان کو محفوظ اور پر امن ملک بنانے کے لیے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا ہے کہ میں اس63ویں یوم آزادی کے شاندار موقع پر اندرون و بیرون ملک تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 63سال قبل آج ہی کے دن ایک علیحدہ وطن کا قیام عمل میں آیا تھا تاکہ ہم آزادی سے رہ سکیں اور اپنی مذہبی اقدار کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھال سکیں،لہذ ا آج کا دن ملک کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ خوشی اور جشن منانے کا موقع ہے۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج وہ سوچ،جس کے تحت مذہب کے نام پر انتہاء پسندی،تشدد اور عسکریت پسندی کا پرچار کیا جا رہا ہے،پورے ملک میں پھیلتی جا رہی ہے اور وہ ان اقدار کی براہ راست نفی ہے،جن کے لیے یہ ملک وجود میں آیا تھا۔ ہمارے آزادی کے ماہ میں گو جرہ میں مکانات جلانا اور عیسائیوں کے خلاف تشدد کی کارروائیاں کرنا اسی سوچ کا شاخسانہ ہے ۔ ہم ایسی تباہ کن سوچ کو شکست دینے کا عہد کریں جس نے خودکش حملے کرنے،معصوم لوگوں کو ہلاک کرنے،خواتین پر تشدد کرنے اور درس گاہوں کو زبردستی بند کرنے کی کارروائیوں کو فروغ دیا ہے۔ ہم پاکستان کو ایک محفوظ اور پر امن ملک بنانے کے لیے ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ17ویں ترمیم کے خاتمے اور دہشت گردی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے غربت،جہالت،لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بدعنوانی کے خاتمہ کے بغیر مطلوب قومی مقاصد پورے نہیں ہو سکتے۔ یوم آزادی دراصل تجدید عہد کا دن ہے۔ عدلیہ کی آزادی ہماری منزل کی طرف ایک بڑی پیش رفت ہے مگر ابھی طویل سفر باقی ہے۔ آمر یتوں کے لگائے ہوئے زخم بے شمار ہیں اور آمروں کے دیئے ہوئے نقصان بھی ان گنت،ہمیں آج اس بات کا عہد کرنا ہے کہ آمر یت کے سب نشان مٹا کر دم لیں گے۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ یوم آزادی کی مبارک گھڑی ہم سے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کیلئے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر اجتماعی کاوشوں کا تقاضا کرتی ہے۔ آج کے دن ہمیں اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیکر آئندہ کیلئے مل بیٹھ کر ایسا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا جس پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی آزادی کا خواب معاشی آزادی کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد ملک ہمارے لئے اللہ کی طرف سے ایک عظیم نعمت ہے،ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے،قوم کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے کردار ادا کرے،پارلیمنٹ مشکل حالات میں ایک امید کی کرن ہے،جو ہر قیمت پر عوامی امنگوں پر پوری اترے گی۔ ملک کے 63 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے اسلاف کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،جو انہوں نے ہمارے لئے آزاد وطن کے حصول کے لئے دیں،یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب نے کہا ہے کہ 14 اگست 1947ء برصغیر کے مسلمانوں کی بے توقیر ی کے خاتمہ کا دن ہے، بے یقینی سے یقین کی منزلوں کو پا لینے اور جاگتی آنکھوں میں رکھے گئے خواب کی تعبیر کا دن ہے، آج ہمارا 63 واں یوم آزادی ہے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نعمان بشیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمن وطن میں غیر مستحکم صورتحال پیدا کر کے وطن کو نقصان پہنچا رہے ہیں آج اس بات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے کہ ہم پر عزم ہو کر دشمن کا سامنا کریں اور دشمن کے عزائم کو اپنے ایمان،اتحاد اور نظم کی بدولت شکست دیں انہوں نے کہا کہ یو م آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ پاکستان کو محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے کا عہد کرنے کا بھی دن ہے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے63 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم جن مسائل و مصائب سے دوچار ہیں اس کی بنیادی وجہ اللہ کے ساتھ قیام پاکستان کے وقت کئے گئے وعدے سے روگردانی ہے۔ ہمارے مسائل کا واحد حل یہ ہے کہ امریکہ کو اس خطے سے نکال باہر کیا جائے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مفاد پرست اور کرپٹ سیاستدانوں کے غلط فیصلوں نے قائداعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ آج کے دن قوم کو یہ عہد کرنا ہو گا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا ہر صورت احتساب کیا جائے آج ان مفاد پرستوں سے چھٹکا رے کیلئے تحریک آزادی جیسی جدوجہد کرنا ہو گی۔

خبر کا کوڈ : 9791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش